ایم کیو ایم کو سیاسی منظر نامے سے ہٹانے کی سازش ہورہی ہے‘ فاروق ستار

October 9, 2015 4:11 pm0 commentsViews: 23

کراچی آپریشن کو جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے اور دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے بجائے ایم کیو ایم کو ختم کرنے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے
ظلم و ستم اور ناانصافیوں کا سلسلہ جاری رہا تو مستقبل میں منفی نتائج برآمد ہوں گے‘ نائن زیرو پر پریس کانفرنس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کو جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے اور دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے بجائے ایم کیو ایم کو ختم کرنے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے اور ایم کیو ایم کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے ایم کیو ایم کے ہزاروں کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے جس سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ کراچی آپریشن ایم کیو ایم کو سیاسی منظر نامے سے ہٹا کر سندھ بالخصوص کراچی میں کسی اور کو یہاں مسلط کرنے اور بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم کو آزادی سے حصہ لینے سے روکنے کی مذموم سازش ہے اگر ظلم و ستم اور نا انصافیوں کا یہ سلسلہ جاری رہا تو اس کے مستقبل قریب میں منفی نتائج مرتب ہوں گے، جمعرات کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ گزشتہ روز رینجرز نے رابطہ کمیٹی کے رکن کمال ملک کو ان کے گھر سے گرفتار کیا ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے ان کا لیور ٹرانسپلانٹ ہوا ہے۔ انہوں نے صدر، وزیر اعظم، چیف آف آرمی اسٹاف ، وفاقی وزیر داخلہ، وزیر اعلیٰ سندھ، کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا کہ وہ محمد کمال ملک کی بلا جواز گرفتاری کا نوٹس لیں، ایم کیو ایم کے خلاف جاری غیر اعلانیہ ریاستی آپریشن بند کرائیں اور ایم کیو ایم کی سیاسی و سماجی سرگرمیوں پر عائد پابندی ختم کرکے اسے جمہوری عمل سے نکالنے کا غیر جمہوری سلسلہ بند کیا جائے۔

Tags: