شاہراہ فیصل سے تمام بل بورڈز فوری ہٹانے کی ہدایت

October 9, 2015 4:18 pm0 commentsViews: 30

شاہراہ کو سگنل فری بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، گورنر سندھ کا اجلاس سے خطاب
کراچی(سٹی رپورٹر)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا ہے کہ شاہراہ فیصل کی خوبصورتی کے لئے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شاہراہ کے اطراف نصب تمام بل بورڈز ختم کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ فیصل شہر کی پہچان ہے۔ اسے سگنل فری بنانے کے ساتھ ساتھ خوبصورت بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کا ر لائے جارہے ہیں اس ضمن میں انہوں نے ہدایت کی کہ شاہراہ کے اطراف موجود رکاوٹوں کے خاتمے اور کیبلز کو زیر زمین کرنے کے لئے فوری اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں کراچی کی معروف شاہراہ فیصل کو سگنل فری کرنے کے ساتھ ساتھ اسے خوبصورت بنانے کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے کیا ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ ، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی ، پرنسپل سیکریٹری محمد حسین سید ، وزارت خزانہ ، وزارت داخلہ ،وزارت بلدیات ، کراچی میونسپل کارپوریشن ، کنٹونمنٹ بورڈز اور انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ شعبہ جات کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی ۔گورنر سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی شاہراہ کی خوبصورتی کے لئے اس کے اطراف تمام کیبلز کو زیر زمین کردیا جائے جس پر کمشنر کراچی نے گورنر سندھ کو یقین دلایا ان کی ہدایت پر آج سے کام کا با قاعدہ آغاز کردیا جائے گا ۔

Tags: