صدر ایمپریس مارکیٹ میں ایک بار پھر تجاوزات کیخلاف آپریشن

October 9, 2015 4:22 pm0 commentsViews: 22

پتھارے ، ٹھیلے، لوہے کے اسٹینڈ تک اور دیگر تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا
تجاوزات کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا تھا، تجاوزات مافیا پھر سے سرگرم
کراچی (سٹی رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد حسین عباسی نے صدر ایمپریس مارکیٹ اور ملحقہ علاقے میں مسلسل ٹریفک جام رہنے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ انسداد تجاوزات کو یہاں ہر قسم کی تجاوزات فوری ہٹانے اور صدر کی اہم سڑکوں اور گلیوں کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کرنے کی ہدایت کی ہے انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جن سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات ہٹائی جاچکی ہیں وہاں نگرانی کا نظام وضع کیا جائے تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہونے پائیں۔ دریں اثناء ایڈمنسٹریٹر کراچی کی ہدایت پر محکمہ انسداد تجاوزات نے صدر ایمپریس مارکیٹ، دبئی چوک، پارکنگ پلازہ اور نیو پریڈی اسٹریٹ پر تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے وہاں قائم تمام غیرقانونی پتھارے، ٹھیلے، لوہے کے اسٹینڈ، تخت اور دیگر تجاوزات ہٹا دیں اور تمام سامان کو اٹھا کر کے ایم سی اسٹور محمود آباد میں جمع کرا دیا۔ محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان کی نگرانی میں ڈپٹی ڈائریکٹر محمد علی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعمان احمد ، انسداد تجاوزات کا عملہ اور پریڈی تھانے کے ایس ایچ او سلیم ملک اور پولیس کی بھاری نفری بھی اس موقع پر موجود تھی۔ اس دوران بلدیہ عظمیٰ کراچی کے عملے نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے صدر ایمپریس مارکیٹ اور ملحقہ علاقے میں درجنوں کی تعداد میں تجاوزات کا خاتمہ کردیا۔ واضح رہے کہ صدر کے علاقے میں گنجان آبادی اور سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر بار بار تجاوزات قائم ہونے سے شہریوں اور کاروباری برادری کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور تجاوزات کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ صدر میں خریداری اور دیگر کاموں کے سلسلے میں آنے والے شہریوں کو فٹ پاتھ پر چلنا بھی دشوار ہوجاتا ہے ۔

Tags: