میں جمہوری آدمی‘ نواز شریف’’ مغل اعظم‘‘ ہیں‘ عمران خان

October 10, 2015 4:25 pm0 commentsViews: 38

نواز شریف نے بینظیر بھٹو کی حکومت گرانے کیلئے اسامہ بن لادن سے رقم لی تھی‘ الیکشن کیلئے خلیجی ملک سے بھی پیسے لئے ہیں
ضمنی الیکشن میں دھاندلی نہیں ہونے دینگے‘ ن لیگ کا سورج غروب ہورہا ہے‘ جلسہ عام سے خطاب
لاہور( نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا کہ کل 11 اکتوبر کو فتح ہماری ہوگی۔ ضمنی الیکشن میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔ ملک سے دولت لوٹ کر جانے والے ہی غدار ہیں۔ یہ بات انہوں نے مزنگ میں تحریک انصاف کے ضمنی انتخابات کی مہم کے آخری جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی حکومت گرانے کیلئے نواز شریف نے جو رقم اسامہ بن لادن سے لی اس میں سے آدھی اپنی جیب میں ڈال لی، نواز شریف اور ان کے بیٹوں کا پیسے بیرون ملک لے کر جانا ہی اصل میں غداری ہے۔ نواز شریف قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کہ آپ نے کسی گلف ملک سے الیکشن کیلئے پیسے نہیں لئے۔ ایم کیو ایم کے عسکری ونگ کی طرح (ن) لیگ کا بھی عسکری ونگ پنجاب پولیس ہے۔ میں اب بھی کہتا ہوں نواز شریف تم پاکستان کے کرپٹ ترین شخص ہو۔ اگر نواز شریف تم واقعی شیر ہو تو خود میرے سامنے آئو اپنے درباریوں کے ذریعے مجھ پر گھٹیا الزامات کیوں لگواتے ہوں، اسحاق ڈار تم 25 سال پہلے موٹر سائیکل پر پھرتے تھے آج تمہارے پاس اربوں کہاں سے آئے۔ اگر نواز شریف تم واقعی شیر ہی تو خود میرے سامنے آئو اپنے درباریوں کو آگے کرتے ہو میں جمہوری ہوں مگر نواز شریف مغل اعظم ہیں۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور کے عوام نے میرا دل خوش کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ والوں نے اپنی حکومت اور الیکشن کمیشن کے مک مکائو اور سرکاری محکموں کی وجہ سے یہ سمجھتے رہے ہیں کہ الیکشن جیت جائیں گے اور لودھرا ں میں شکست کے خوف سے عدالت سے اسٹے آرڈر لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ والوں کو یہ نہیں معلوم تھا ہم نے ان کے علیم خان کی شکل میں ایک خفیہ ہتھیار رکھا ہے۔

خار دار تار لگنے سے
عمران خان کا پائوں زخمی
لاہور( یو پی پی) تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان پنڈال میں7 بج کر 25 منٹ پر پہنچے۔ انہیں آمد کے دوران سخت دھکم پیل کا سامنا رہا، عمران خان اسٹیج پر جانے لگے تو خار دار تار لگنے سے ان کا پائوں زخمی ہوگیا۔ نجی ٹی وی کے نمائندے زبردستی ہاتھ کھینچ کر انٹر ویو کرنے کی کوشش کرتے رہے مگر ناکام رہے اور ان حرکات پر عمران خان مسکراتے رہے۔

Tags: