مذاکرات کامیاب پائلٹوں نے ہڑتال ختم کردی‘ معافی بھی مانگ لی

October 10, 2015 4:34 pm0 commentsViews: 37

پی آئی اے انتظامیہ پالپا تنازع ختم‘10 نکات پر اتفاق‘ 15 دن میں معاہدے کو حتمی شکل دینے کی حکومتی یقین دہانی
سول ایوی ایشن حکام کا چیئرمین پی آئی اے کی عدم موجودگی پر دستخط سے انکار‘ سینیٹر طلحہ محمود کا عدم حاضری پر اظہار برہمی
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ایئر لائن پائلٹ ایسوسی ایشن نے معاہدے پر اتفاق رائے کے بعد مستقل بنیاد پر ہڑتال ختم کر دی، پالپا نے ایئر لائن کی بین الاقوامی تنظیم کو لکھے گئے متنازع خط سے دستبردار ہوتے ہوئے سول ایوی ایشن سے معافی مانگ لی ہے 10 نکات پر مشتمل معاہدے پر پالپا کے صدر عامر ہاشمی اور قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹری سینیٹر طلحہ محمود نے دستخط کردئیے۔ سیکریٹری سول ایوی ایشن اور قائم مقام ڈی جی سول ایوی ایشن نے معاہدے کی دستاویز پر دستخط کر نے سے انکار کر دیا۔ سرکاری حکام کا موقف تھا کہ چیئر مین پی آئی اے سے مشاورت کے بغیر سرکاری طور پر ان دستاویزات پر دستخط نہیں کئے جا سکتے۔ طلحہ محمود نے سیکریٹری سول ایوی ایشن ڈویژن سے5 دن میں ڈائریکٹر فلائٹ آپریشن کے تقرر کے حوالے سے رپورٹ مانگ لی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو2 برطرف پائلٹس کی اپیل کا فیصلہ15 روز کے اندر کرنے کی ہدایت کر دی ۔ کمیٹی چیئر مین نے اجلاس میں پی آئی اے کے کسی بھی نمائندے کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کے کسی بھی نمائندے کا اجلاس میں شریک نہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اس معاملے کو حل کرنے کی بجائے مزید بگاڑنا چاہتی ہے۔

Tags: