حکومت سے مذاکرات کامیاب! متحدہ کے ارکان اسمبلی پیرکو استعفے واپس لے لیں گے فاروق ستار

October 10, 2015 4:55 pm0 commentsViews: 20

ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کیلئے پندرہ روز میں شکایات ازالہ کمیٹی بنائی جائیگی‘ ایم کیو ایم سے معاملات حل کرنے میں مولانا فضل الرحمن نے اہم کردار ادا کیا ہے‘ اسحاق ڈار
ہماری خواہش ہے کہ کراچی سے جرائم کا مکمل خاتمہ ہو‘ اگلے ہفتے سے استعفے واپس لینے کا سلسلہ شروع کردینگے ہمیں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت بھی ملنی چاہئے‘ فاروق ستار کی میڈیا سے بات چیت
اسلام آباد( مانیٹرنگ/ خبر ایجنسیاں) حکومت اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان استعفوں کا معاملہ طے پاگیا جس کے بعد ایم کیو ایم نے استعفے واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے اور ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کیلئے 15 روز میں شکایات ازالہ کمیٹی بنائی جائے گی۔ جو 5 ممبران پر مشتمل ہوگی۔ متحدہ پیر کو استعفے واپس لے لے گی وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ اچھے اور برے عناصر ہر جماعت کے اندر پائے جاتے ہیں۔ ملک کو درپیش مسائل کو اتحاد کی طاقت سے حل کیا جا سکتا ہے۔ حکومت نے کنٹینر والوں سے بات چیت کی اب ایم کیو ایم سے بھی کر رہے ہیں۔ ایم کیو ایم سے معاملات حل کرنے میں مولانا فضل الرحمن نے اہم کردار ادا کیا۔ فاروق ستار نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ جرائم کا مکمل خاتمہ ہو کراچی آپریشن سے مکمل امن قائم ہوگا۔ کمیٹی کو حقائق تک پہنچانے میں مدد فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وہ مذاکرات کے بعد پنجاب ہائوس میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ قبل ازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار سے ملاقات میں کراچی آپریشن سے متعلق ایم کیو ایم کے تحفظات اور استعفوں کے حوالے سے گفتگو ہوئی جس کے بعد دونوں رہنمائوں میں معاملات طے پاگئے اور ایم کیو ایم نے استعفے واپس واپس لینے پر رضا مندی ظاہر کی اور بعد ازاں دونوں جانب سے ایک مفاہمتی یادداشت ( ایم او یو ) پر بھی دستخط کر دئیے گئے۔ ملاقات کے بعد فاروق ستار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت مفاہمت پر یقین رکھتی ہے اور ملک میں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ حکومت اور متحدہ میں معاملات طے کرنے میں مولانا فضل الرحمن نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ہم مولانا فضل الرحمن کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے ان حالات میں بھی معاملات سلجھانے کی سر توڑ کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ جرائم کا مکمل خاتمہ ہو۔ کراچی آپریشن سے مکمل امن ہوگا اور کراچی کی روشنیاں بحال ہوں گی۔ فاروق ستار نے کہا کہ اگلے ہفتے سے اپنے استعفے واپس لینے کا سلسلے شروع کر دیں گے، ہم وزیر اعظم نواز شریف، وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چیئر مین سینیٹ میاں رضا ربانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومت نے سیاسی برد باری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی سرگرمیوں کی بھی اجازت ملنی چاہئے۔

Tags: