بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے والے والدین کو جیل بھیجنے کا اعلان

October 10, 2015 5:03 pm0 commentsViews: 26

کراچی میں پولیو ورکرز کو شدید مشکلات کا سامنا‘ والدین نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کردیا
والدین کو ہر صورت منانے کی کوشش کی جائے نہ مانیں تو انہیں جیل بھیج دیں گے‘ کمشنر کراچی شعیب صدیقی
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں انسداد پولیو مہم کے دوران مختلف علاقوں میں والدین نے پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والوں کو جیل بھیج دیں گے۔ کراچی کے چھ اضلاع کی 80 یونین کونسلز میں انسداد پولیو مہم کے تیسرے دن پولیو ورکرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بن قاسم ٹائون کی یو سی 7 پٹھان کالونی میں تین دن کے دوران 40 سے زائد والدین نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا۔ جب کہ صدر ٹائون کے علاقے ہجرت کالونی میں بھی33 گھروں سے پولیو ورکرز بچوں کو قطرے پلائے بغیر واپس چلے گئے۔ پولیو ٹیموں کا کہنا ہے کہ بعض گھروں میں انہیں انسداد پولیو کے قطرے پلانے میں بہت مشکلات پیش آرہی ہیں۔ گلشن اقبال کے علاقے میں بھی والدین کی جانب سے انسداد پولیو کے قطرے پلانے کے انکار کے واقعات ہوئے۔ ضلع شرقی کے اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ انکار کرنے والے والدین کو ہر صورت میں منانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ جن والدین نے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے انہیں جیل بھیج دیا جائے گا۔ اس سے قبل انسداد پولیو کے دوران پولیو ورکرز پر حملوں کے متعدد واقعات کے باوجود بھی اس بار پولیو ورکرز کو مناسب سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی اور پولیو ورکرز کئی حساس علاقوں میں سیکورٹی کے بغیر پولیو کے قطرے پلاتی رہی۔

Tags: