کراچی کا انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر ہری پور سے گرفتار ۔ دیگر جرائم و واقعات میں مزید گرفتاریاں

October 10, 2015 5:14 pm0 commentsViews: 51

حساس اداروں اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرکے ٹارگٹ کلر عمران کو حراست میں لے لیا
ملزم ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی وارداتوں میں مطلوب تھا، نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا
ہری پور(صباح نیوز) رینجرز پولیس اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر گرفتار، تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا گزشتہ روز ہری پور کے نواحی علاقہ موہڑاں کلاواں میںرینجرز اورپولیس کی بھاری نفری سمیت حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران ایک گھر پر چھاپہ مار کے کراچی سے بھاگ کر ہری پور آنے والے انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر عمران کو گرفتار کرلیا ہے زرائع نے بتایا ہے کہ ملزم عمران کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں سمیت دہشت گردی کی وارداتوں میں رینجرز اور پولیس کو مطلوب تھا کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد ایف آئی آر درج ہیں جس کی گرفتاری کے لیے کراچی میں بھی مختلف جگہوں پر چھاپے مارے جا رہے تھے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کراچی میں شروع ہونے والے آپریشن کے دوران ملزم نے بھاگ کر ہری پور اپنے سسرال آکر پناہ لے لی تھی ملزم کاتعلق ایک سیاسی جماعت سے بھی ہے اور کراچی میں دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں بھی ملزم ملوث رہا ہے۔

پولیس نے117 ملزمان کو گرفتار کرلیا
کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مارکارروائی کرتے ہوئے117ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ ،دستی بم اور منشیات برآمد کرنے کادعویٰ کیا ۔کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جا ری ہونے والے اعلامیئے کے مطابق کراچی کے تینوں زون کی پولیس اور سی آئی اے نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں84چھاپہ مار کارروائیوں اور5مقابلوں کے بعد117ملز مان کوگرفتارکر لیا گرفتارملزمان میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت 3ملزمان ،1ڈکیت،غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں20ملزمان ،امتنائے منشیات ایکٹ کے تحت12ملزمان،17مفرور اشتہاری جبکہ دیگرجرائم میں ملوث64ملزمان شامل ہیں، جن کے قبضے سے20پستول2دستی بم اور بھاری مقدارمیں منشیات برآمدہوئی ہے ،گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

شہریوں سے چھینا جھپٹی کی وارداتوں میں ملوث2 ملزمان گرفتار
ملیر آنسو گوٹھ سے لیاری گینگ وار آصف گروپ کے دو کارندوں کو حراست میں لے لیا گیا
لیاری سے ملزم عمران عرف زبیر سمیت تین افراد گرفتار، نشاندہی پر رفیق بلڈنگ سے اسلحہ برآمد
کراچی( کرائم رپورٹر)منگھو پیر پولیس نے علاقے میں مقابلے کے بعد د وملزمان محمد علی اور راشدعباس کو گرفتارکرکے اسلحہ اور مسروقہ موبائل فونز برآمد کرلیے،ملزمان سرجانی ٹائون، منگھو پیر اور نیو کراچی صنعتی ایریا سمیت اطراف کے علاقوں میں چھینا جھپٹی کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔خواجہ اجمیرنگری پولیس نے شاہنواز بھٹو کالونی میں مقابلے کے بعد زخمی ملزم ذیشان کو گرفتا ر کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔رینجرز اور پولیس نے ملیر کے علاقے آنسو گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار سردار آصف گروپ کے دو کارندوں ساجد داداورشعیب بلوچ کوحراست میں لیکرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا ،تاہم پولیس اور رینجرزنے لا علمی ظاہر کی ۔رینجرز اور پولیس نے لیاری کے علاقے جھٹ پٹ مارکیٹ ،رانگی واڑہ ،نوالین اور آگرہ تاج کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے عمران فقیرا عرف دنبہ سمیت تین افراد کوحراست میں لیکرانکی نشاندھی پررفیق بلڈنگ میں چھاپہ مارکر بھاری تعداد میں اسلحہ اور دستی بم برآمدکرلئے ،جبکہ حراست میں لئے جانے والے افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش شروع کردی ،ذرائع کے مطابق عمران فقیر ا عرف دنبہ سیاسی تنظیم علاقائی عہدیدار بتایا جاتا ہے ،تاہم اس کارروائی کی بھی پولیس اور رینجرز نے تصدیق نہیں کی ہے ۔
ڈیفنس پولیس نے کار میں گیٹ وے ایکسچینج لے جانیوالے2 ملزمان کو پکڑ لیا
دو ساتھی فرار ہو گئے، ایک ملزم شیخ اسماعیل چیک باونس مقدمے میں مفرور تھا پوچھ گچھ کی جارہی ہے
کراچی( کرائم رپورٹر)ڈیفنس پولیس نے ڈیفنس لائبریری کے قریب سے کرولا کار میں گیٹ وے ایکسچینج لے کر جانے والے دوملزمان شیخ اسمعیل اور زاہد بٹ کو گرفتار کرلیا جبکہ دوملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،ایس ایچ او ڈیفنس کمال نسیم کے مطابق ملزم شیخ اسمعیل پولیس کو چیک باؤنس کے مقدمے میں مفرور تھا جبکہ ملزم اسلام آباد پولیس کے ہاتھوں بھی غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج لگانے پر گرفتار ہوچکا ہے۔ڈیفنس پولیس نے دوسری کارروائی کے دوران 13thکمرشل اسٹریٹ سے مقابلے کے بعد ایک ملزم گل امین کو گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ تین ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

اورنگی میں ٹارگٹڈ آپریشن،40 مشتبہ افراد گرفتار
گلشن معمار سے متحدہ کا کارکن گرفتار، لیاقت آباد سے بھی پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا
کراچی(کرائم رپورٹر) پاکستان رینجرز سندھ نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب گلشن معمار کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے معمار سیکٹر کے کارکن معیز سلیم کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم نے شہر کے مختلف علاقو ںمیں فائرنگ کرکے دو رینجرز اہلکاروں سمیت 57 افراد کو قتل کیا ہے ، گرفتار ملزم نے شہر کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس موبائل پر فائرنگ کی ہے ، گرفتار ملزم کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔ رینجرز نے خفیہ اطلاع پر لیاقت آباد میں کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق کے شبہ میں پانچ افراد کوحراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔شاہ فیصل کالونی پولیس نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں ملزم زوہیب خالد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔اینٹی کارلفٹنگ پولیس نے بین الصوبائی کارلفٹر گروہ کے تین ملزمان عادل ،مرزا دانش بیگ اوراسامہ عرف ماما کو گرفتار کرکے اسلحہ ،دو مسروقہ موٹر سائیکل و دیگر سامان برآمد کرلیا ۔رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں اورنگی ٹائون چستی نگر،لانڈھی فیوچر کالونی ،گلبہار ، اور منگھوپیر کے علاقے میر محمد گوٹھ اور سلطان آباد میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے 40سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تھانوں میں منتقل کردیا جہاں ان افراد سے تفتیش کی جارہی ہے ۔

بھتہ خور سمیت 2 ملزمان گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر)سی ٹی ڈی اور حسا س اداروں نے شاہ فیصل کالونی کے ایک مقام پر کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خورزاہد عرف جونی عرف بلڈوگ کوحراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔شریف آباد پولیس نے اسٹریٹ کرمنل اویس کو گرفتارکرلیا ۔

ناظم آباد میں، خاتون کی پھندا لگی لاش ملی،پولیس نے شوہر کو گرفتار کر لیا
متوفیہ کے اہل خانہ نے قتل کا شبہ ظاہر کیا تھا،ہما کی شادی سات ماہ قبل ہوئی تھی
کراچی(کرائم رپورٹر)نارتھ ناظم آباد میں خاتون کی پھندا لگی لاش ملی ،متوفیہ کے اہلخانہ نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ قتل کیا گیا ہے ،پولیس نے شوہر کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ۔تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے علاقے بلاک D کھنڈو گوٹھ مکان نمبر A-126 میں رہائش پذیر 20 سالہ ہما دانش زوجہ دانش کی پھند ا لگی لاش ملی اس اطلاع پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی ،پولیس نے لاش کوعباسی شہید اسپتال منتقل کیا ،پولیس کے مطابق ابتد ائی طور پر واقعہ خودکشی معلوم ہوتا ہے لیکن متوفیہ کے اہلخانہ نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ہما کو قتل کیا گیا ،اس قتل میں شوہر دانش ملوث ہے ،سات ماہ قبل ہی انکی شادی ہوئی تھی شادی کے بعد سے ہما اور اسکے درمیان تلخی پید اہوگئی تھی ،پولیس نے اس بیان پر دانش کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ شروع کردی ۔

 

Tags: