عالمی مشاعرے کو حکومت کی سرپرستی حاصل ہے، گورنر سندھ

October 10, 2015 5:06 pm0 commentsViews: 52

یہ مشاعرہ کراچی کی ثقافت کی روایت بن چکا ہے، اس سلسلے کو جاری رکھاجائے، عشرت العباد
سید صفوان اللہ کی سربراہی میں وفد کی ملاقات، مشاعرے کے حوالے سے انتظامات سے آگاہ کیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ساکنان شہر کا عالمی مشاعرہ آج ہاکی گرائونڈ گلشن اقبال میں ہوگا ۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ عالمی مشاعرہ کو شایان شان بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے مکمل سر پرستی حاصل رہے گی۔ عالمی مشاعرہ کراچی کی ایک ثقافتی روایت بن چکا ہے اس سلسلے کو جاری رکھا جائے اور انتظامات بھی شایان شان طریقے سے ہونے چاہئیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گورنر ہائو س میں عالمی مشاعرہ آرگنائزنگ کمیٹی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے سابق وفاقی وزیر سید صفوان اللہ کی سربراہی میں گورنر ہائوس میں ان سے ملاقات کی اور عالمی مشاعرہ کے انتظامات کے حوالے سے صورتحال سے آگاہ کیا۔ وفد میں سابق وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر پیر زادہ قاسم رضا صدیقی، محمود احمد خان، رضوان صدیقی، عامر مسعود شیخ، بشیر سدوزئی، اسلم خان، اور اقبال احمد خان شامل تھے۔ وفد نے گورنر سندھ کو بتایا کہ 24 ویں عالمی مشاعرہ کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ہندوستان سمیت امریکہ، کینیڈا، ایران، متحدہ عرب امارات اور ملک بھر سے معروف شعراء کرام شرکت کریں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کی فضا بین الاقوامی سطح پر پروگراموں کیلئے مناسب ہے اور ایسے پروگراموں سے کراچی کا سافٹ امیج دنیا بھر میں جائے گا۔

Tags: