تیزرفتار ٹرک کار میں گھس گیا، ایک ہلاک تین زخمی ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

October 10, 2015 5:16 pm0 commentsViews: 31

واقعہ نیشنل ہائی وے لنک روڈ پر پیش آیا، ہلاک اور زخمی ہونیو الے افراد نواب شاہ جارہے تھے
لانڈھی میں آئل ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ہلاک، سعید آباد میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق
کراچی(کرائم رپورٹر)شہرقائد میں ٹریفک حادثات ودیگر واقعات میں 4 نوجوان جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق عوامی کالونی کے علاقے لانڈھی میں تیز رفتار آئل ٹینکرکی ٹکر موٹرسائیکل سوار19سالہ سرفرازاحمدولدبابرعلی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا اسکا بھائی شاہنواز اور دوست ارمان شدید زخمی ہوگئے، حادثے کا ذمہ دار ٹرک ڈرائیور محمدساجدکو گرفتار کرکے ٹرک کو تحویل میں لے لیا،پولیس کے مطابق متوفی برمی کالونی لانڈھی نمبر6کا رہائشی تھا اوراپنے بھائی اور دوست کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جارہا تھاکہ حادثہ پیش آگیا،صدر کے علاقے کالا پل نزد سی ایس ڈی مارکیٹ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 22سالہ عمیر ولد غلام حسین جاں بحق ہوگیا جس کی لاش جنا ح اسپتال پہنچائی گئی ،اسٹیل ٹائون کے علاقے نیشنل ہائی وے نزد لنک روڈ پر تیز رفتارٹرک کھڑی کار میں گھس گیا جس کے نتیجے میں چار افراد شدید زخمی ہوگئے ،جن کو جناح اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ زخموںکو تاب نہ لاتے ہوئے 50سالہ غلام نبی ولد احمد خان دم توڑ گیا جبکہ 8سالہ احمد علی ولد آصف کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے ،جبکہ دو زخمیوںکو اسٹیل ٹائون ایک نجی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے ،پولیس کے مطابق متوفی اور مضروب افراد گلشن حدید سے نوابشاہ جارہے تھے راستے میں کا ر خراب ہوگئی تھی ۔ سعید آباد کے علاقے مواچھ گوٹھ نمبرایک میں قائم گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 35سالہ محمد غفار جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قریب اسپتال منتقل کی گئی ،جہاں ڈاکٹروں نے بھی موت کی تصدیق کردی ۔

فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 2افرادزخمی
کراچی( کرائم رپورٹر)اورنگی ٹائون کے علاقے راجہ تنویر کالونی میں فائرنگ سے رحمان بی بی زوجہ حاجی خان زخمی ہوئی ،اورنگی ٹائون کے علاقے ہریانہ کالونی میں فائرنگ سے 19سالہ فہیم زخمی ہوا ۔

رسالہ میں ہوٹل پر فائرنگ
سے2 افراد زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر) رسالہ میں ہوٹل پر فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے‘ تفصیلات کے مطابق رسالہ کے علاقے نانک واڑہ چاند بی بی روڈ پر واقعہ کوئٹہ ہوٹل پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد 24 سالہ عاطف اور 45 سالہ سعید احمد زخمی ہوگئے۔

کباڑ خانے میں دھماکہ،2افراد ہلاک
بن قاسم میں واقع کباڑخانہ کے گودام میں اچانک زوردار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور تک سنی گئی
مرنے والے افراد کباڑخانے کے مالک کے رشتہ دار تھے اور وہیں کام کرتے تھے، پولیس
دھماکہ ہائی پاور پمپ کو کھولنے کے دوران ہوا، وزیرداخلہ نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی
کراچی(کرائم رپورٹر)پیپری کے علاقے میں کباڑ خانے میںزورداردھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دو افرادجاں بحق ہوگئے ،جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا،وزیر داخلہ نے ڈی آئی جی ایسٹ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق بن قاسم کے علاقے شاہنوازگوٹھ نزد پیپری کباڑی کے گودام میں زوردار دھماکہ ہو گیا جس کے باعث علاقے میں خوف وہراس پھیل گیااوردھماکہ کے نتیجے میں دو افرادموقع پر ہی جاں بحق ہوگئے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس،رینجرز،بم ڈسپوزل اسکواڈ اورایمبولنس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انکی شناخت22سالہ نوید ولدغلام مصطفی اور26سالہ جاوید ولد اقبال کے نام سے ہوئی ہے متوفیان کباڑ خانے کے مالک شبیر کے رشتہ دار تھے اور وہیں کام کرتے تھے ،ایس ایچ او غلام اکبر کے مطابق مذکورہ کباڑ خانہ بشیر نامی شخص کا ہے چند روزقبل پرانا ہائی پاور پمپ خریدا تھاجس کو کھولنے کے دوران گیس کٹ میں بھری گیس کی وجہ سے دھماکہ ہوا ہے ۔پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی،جبکہ دوسری جانب وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے واقعہ کی رپورٹ ڈی آئی جی ایسٹ سے طلب کرلی ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کے بعد رپورٹ پیش کریں ۔

اورنگی ٹائون میں چھریوں کے وار سے ایک شخص ہلاک
پولیس نے اہلیہ کو شامل تفتیش کر لیا، واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے
کراچی(کرائم رپورٹر)اورنگی ٹائون میں گھر سے ایک شخص کی لاش ملی ،جس کے جسم پر چھریوں کے وار کرکے قتل کیا گیا تھا ،پولیس کے مطابق اہلیہ کو شامل تفتیش کرنا پڑے گا ۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون کے علاقے سیکٹر 6 سی گلی نمبر 1 مکان نمبر 46 میں رہائش پذیر 35 سالہ فیروز ولد عبدالسلام کی لاش کی اطلاع پرپولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیکر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا ،ایس ایچ او گلشن جونیجو کے مطابق پولیس کو اطلاع علاقے کے مکینوں نے دی تھی ،متوفی فیروز کی اہلیہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ میرا شوہر نشئی تھا ،میرا کل رات ان سے جھگڑاہوا تھا جس پر میں ناراض ہوکراپنے دوبچوں کے ساتھ میکے چلی گئی،صبح جب واپس آئی تو فیروز کی لاش پڑی ہوئی تھی اور خون بہہ رہا تھا ،پولیس کا کہنا کہ گھر کا مالک محمد اصغر ہے ،اصغر کا کہنا ہے کہ عید الاضحیسے چند روز قبل ہی انھوں نے مکان کرایہ پر لیا تھا ،میاں اوربیوی کے جھگڑے کافی ہوتے تھے ،اسکی اہلیہ کا جھگڑا فیروز سے نہ کمانے پر ہوتا تھا ،پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کے جسم اور گلے پر وار شیشے اور چھری کے معلوم ہوتے ہیں ،تاہم پولیس فیروز کی تدفین کے بعد اہلیہ سے تفتیش کرینگے ،جبکہ پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے ۔

صدر اور میٹھادرکے علاقوںسے2افراد کی لاشیںبرآمد
بوہری بازار اور چوڑی مارکیٹ میں اقراء منزل کے فلیٹ سے ملنے والی لاش گل سڑچکی تھی
یونی پلازہ کے سیکنڈر فلور کی بالکونی سے بھی لاش ملی، متوفی نشئی اور بجلی کے تار چوری کرنے آیاتھا
کراچی(کرائم رپورٹر)صدر اور میٹھادر کے علاقے دو افراد کی لا شیں ملی ۔تفصیلات کے مطابق پریڈی کے علاقے صدر بوہری بازار چوڑی مارکیٹ اقراء منزل کے تھرڈ فلور سے چار روز پرانی 40 سالہ سجاد اختر ولد عزیز الرحمان کی لاش ملی ، جس کو پولیس نے سول اسپتال منتقل کیا ،ایس ایچ او ملک سلیم کا کہنا ہے کہ مقتول گھرمیں اکیلا رہائش پذیر تھا اور کچھ دنوں سے بیمار تھا لاش پرانی ہونے کی وجہ سے گل سڑھ گئی ہے جس کی وجہ موت معلوم نہیں ہوسکی ،متوفی پنجاب کا رہائشی تھا پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ایدھی سرد خانے منتقل کردی ۔میٹھادر کے علاقے یونی پلازہ کے سیکنڈر فلور کی بالکونی سے 30 سالہ نامعلوم شخص کی 6 روز پرانی لاش ملی ، پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے سول اسپتال پہنچایا، ایس ایچ او غزالہ پروین کا کہنا ہے کہ لاش پرانی ہونے کی وجہ سے خراب ہوگئی جس کی وجہ موت معلوم نہیں ہوسکی ،جبکہ چوکیدار کا کہنا ہے کہ متوفی نشئی تھا ،بجلی کے تار کاٹنے آیا ہوگا اس قبل بھی متوفی کو چوری کرتے ہوئے پکڑچکے ہیں ،پولیس نے مزید بتایاکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ معلوم ہوگی ، پولیس نے کارروائی کے بعد لاش شناخت کیلئے ایدھی سرد خانے منتقل کردی ۔

Tags: