نیشنل اسٹیڈیم کو شادی ہال نہیں بننے دینگے، جاوید میانداد

October 10, 2015 5:19 pm0 commentsViews: 29

اہل کراچی اسٹیڈیم کو بچانے کیلئے تحریک چلائیں بھرپور ساتھ دوں گا، یہ پاکستانی تاریخ کا امین ہے
صدر اور وزیراعظم اس سلسلے میں کردار ادا کریں، یونس خان کو اپنا ریکارڈ توڑنے پر مبارکباد دیتا ہوں
کراچی( اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے کہاہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں شادیوں کا انعقاد برداشت نہیں کریں گے‘ اہل کراچی اسٹیڈیم کو بچانے کی تحریک چلائیں میں ان کا بھر پور ساتھ دوں گا‘ یونس خان کو اپنا ریکارڈ توڑنے پر پیشگی مبارکباد دیتا ہوں‘ وہ ٹیسٹ میں10ہزار رنز کا سنگ میل عبور کریں‘ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ جاوید میاںداد نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کی زمین کو کمرشل بنیادوں پر کام میں لانا افسوسناک ہے اگر پاکستان کرکٹ بورڈ کو آمدنی نہیں ہورہی تو وہ کرکٹ کروائے‘ اسٹیڈیم کو شادی ہال میں تبدیل کرنے سے کرکٹ کی خدمت نہیں ہوسکتی یہ ناجائز ہے اور اہل کراچی کو اس حوالے سے تحریک چلانی چاہئے میں بھی اس تحریک کا حصہ بنوں گا‘ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل اسٹیڈیم پاکستان کی تاریخ کا امین ہے اس کی اپنی قومی شناخت اور حیثیت ہے اسے داغ دار نہ کیا جائے‘ انہوں نے پاکستان اور وزیراعظم پاکستان سے اپیل کی کہ وہ بھی نیشنل اسٹیڈیم کو شادی ہال میں تبدیل ہونے سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

Tags: