ٹارگٹڈ آپریشن میں ایم کیو ایم کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، رابطہ کمیٹی

October 12, 2015 5:17 pm0 commentsViews: 23

چھاپوں اور گرفتاریوں کے ذریعے کارکنوں کو خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا، ہمارے عزائم بلند ہیں
ناظم آباد، بلدیہ اور دیگر علاقوں سے گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، چیف جسٹس نوٹس لیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے رینجرز اور سادہ لباس اہلکاروں کی جانب سے ایم کیوایم کے کارکنان کی گرفتاریوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ چھاپے و گرفتاریوں کے ذریعے ایم کیوایم کے کارکنان کو نہ تو خوفزدہ کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی انہیں حق پرستانہ جدوجہد سے باز رکھاجاسکتا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سادہ لباس اہلکاروں نے نارتھ ناظم آباد میں چھاپہ مار کاروائی کرکے ایم کیوایم نارتھ ناظم آباد سیکٹر یونٹ 143-Bکی یونٹ کمیٹی کے رکن شیخ نعمان اور کارکنان راحیل اور یونٹ 174کے کارکن تفضل حسین کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ اسی طرح رینجرز اہلکاروں نے بلدیہ ٹائون میں ایک چھاپہ مار کاروائی میں ایم کیوایم بلدیہ ٹائون سیکٹر یونٹ 112-Bکے کارکن محمد کاشف کو غیر قانونی طور پر حراست میں لے لیا ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کی آڑ میں ایم کیوایم کو نشانہ بنایاجارہا ہے ، رابطہ کمیٹی نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ رینجرز اور سادہ لباس اہلکاروں کی جانب سے ایم کیوایم کے کارکنان کی غیرقانونی اور بلاجواز گرفتاریوں کانوٹس لیاجائے ، چھاپے و گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرایاجائے ، گرفتار کارکنان کو فی الفور رہاکیاجائے اور رینجرز اور سادہ لباس اہلکاروں کو اختیارات سے تجاوز کرکے غیر قانونی اور غیر آئینی عمل سے روکا جائے۔

سلیم باسط کے انتقال پر متحدہ
رابطہ کمیٹی کااظہار تعزیت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے روزنامہ جنگ کراچی کے سینئر سب ایڈیٹر سلیم باسط کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے مرحوم کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی ۔ر ابطہ کمیٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔

Tags: