کورنگی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن پر مکینوں کا احتجاج

October 12, 2015 5:19 pm0 commentsViews: 29

ٹائر جلا کر سٹرک بند کر دی، انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی، نوٹس کے بغیر گھر توڑے جا رہے ہیں، علاقہ مکین
کراچی( اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے کورنگی میں علاقہ مکینوں کی جانب سے تجاوزات کے خلاف شہری حکومت کے آپریشن پر احتجاج کیا گیا ، مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر سڑک بند کر دی اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔کراچی کے علاقے کورنگی مصطفی تاج کالونی میں علاقہ مکینوں نے کے ایم سی کے انسداد تجاوزات سیل کی جانب سے ممکنہ طور پر آبادی کو مسمار کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ٹائر نذر آتش کر کے سڑک بلاک کر دی۔علاقہ مکینوں کے مطابق کے ایم سی کی جانب سے بغیر کسی نوٹس کے گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے ۔ مصطفی تاج کالونی تسلیم شدہ کچی آبادی ہے اکثر مکینوں کے پاس کچی آبادی کی لیز بھی موجود ہے۔اس حوالے سے کیس عدالت میں زیر سماعت ہے ، آبادی کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جا سکتی ۔ احتجاج میں بچوں اور خواتین کی کی بڑی تعداد شریک تھی ، احتجاج کے باعث اطراف کی شاہراہوں میں بد ترین ٹریفک جام ہوگیا۔

Tags: