سمجھوتہ ایکسپریس کی منسوخی کئی پاکستانی شہری بھارت میں پھنس گئے‘ گرفتاری کا خدشہ

October 12, 2015 5:25 pm0 commentsViews: 32

سمجھوتہ ٹرین کے ذریعے بھارت جانے والے پاکستانی شہریوں کے ویزے کی معیاد ختم ہوچکی‘ رشتہ دار پریشانی میں مبتلا
ٹرین آج بھی نہیں چلے گی‘ بھارت میں پھنسے شہریوں کو وطن واپس لانے کے انتظامات کئے جائیں‘ وفاقی حکومت سے مطالبہ
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی جانب سے سمجھوتہ ایکسپریس منسوخ ہونے کے باعث کئی پاکستانی شہری بھارت میں پھنس گئے۔ جبکہ ویزا ختم ہونے کی وجہ سے بھارت میں پاکستانی شہریوں کی گرفتاری کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ جمعرات کو بھارت نے سمجھوتہ ٹرین منسوخ کر دی تھی جس کے باعث اس سے پہلے سمجھوتہ ٹرین کے ذریعے بھارت جانے والے پاکستانی شہری بھارت میں پھنس گئے ہیں ان شہریوں کے رشتہ داروں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے انتظامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت جانے والے اکثر پاکستانیوں کے ویزے کی میعاد ختم ہو چکی ہے اور خدشہ ہے کہ ان کو بھارت میں گرفتار کر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس ہفتے میں جمعرات اور پیر کے دن چلتی ہے۔ جبکہ بھارت نے ابھی تک سمجھوتہ ایکسپریس کی سروس بحال نہیں کی جس کے باعث آج ( پیر ) کو بھی سمجھوتہ ٹرین نہیں چلے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سمجھوتہ ٹرین کے حوالے سے معاہدہ میں یہ بھی طے پایا ہے کہ جو مسافر سمجھوتہ ایکسپریس کے ذریعے بھارت یا پاکستان کا سفر کرے گا وہ واپسی کیلئے بھی سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین کے ذریعے ہی سفر کرے گا۔ دوسری جانب بھارت نے بلا جواز ٹرین کی سروس معطل کرکے نہ صرف معاہدے کی خلاف ورزی کی بلکہ پاکستانی شہریوں کی بڑی تعداد کو بھی شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔

Tags: