ایم کیو ایم نے استعفوں کی واپسی کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ دیا

October 13, 2015 1:53 pm0 commentsViews: 32

وزیراعظم نے ہماری آواز سن لی، شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کرا دی
استعفے واپس کرکے ہمیں پارلیمنٹ میں نمائندگی کی اجازت دی جائے، فاروق ستار
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ واپس لینے کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کو لکھے گئے خط میں انہوں نے موقف اختیار کیاہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے ایم کیو ایم کے مستعفی ہونیوالے ارکان کے استعفے واپس دیئے جائیں تاکہ ہم اپنی جماعت کی ان فورمز پر موثر نمائندگی کرسکیں۔ انہوںنے مزید لکھا ہے کہ میں اور میرے ساتھیوں نے استعفوں کے ساتھ مستعفی ہونے کی وجوہات تحریری کی تھیں اور اسے ہم نے آخر آپشن کے طور رپاستعمال کیا کیوںکہ ہماری کہیںبھی آواز نہیں سنی جارہی تھی‘ خط میں تحریر کیا گیا ہے کہ بالآخر وزیراعظم نے ہماری آواز سنتے ہوئے وفاقی وزراء پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جس کے ساتھ ہمارے بامقصدمذاکرات ہوئے‘ کمیٹی نے ہماری شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی اور اس سلسلے میں حکومت کے ساتھ ہمارا معاہدہ ہوا ہے۔ خط میں فاروق ستار نے استعفوں کی واپسی کا مطالبہ کیا۔

Tags: