ڈیفنس اتھارٹی شیخ زید کالج میں آل کراچی کوئز مقابلہ

October 13, 2015 2:04 pm0 commentsViews: 37

شہر کے صف اول کے کالجوں کے طلباء و طالبات نے پرجوش انداز میں حصہ لیا، مہمان خصوصی اشتیاق بیگ تھے
کراچی( نیوز ڈیسک) ڈیفنس اتھارٹی شیخ خلیفہ بن زید کالج فیزVI میں آل  کراچی انٹر کالج کوئز مقابلہ 2015منعقد ہوا جس میں شہر کے صف اول کے کالجوں کے طلباء و طالبات نے پر جوش انداز میں حصہ لیا اور اپنی ذہنی صلاحیتوں، علمی استعداد اور حالات حاضرہ سے واقفیت کا عملی مظاہرہ کیا، تقریب کے مہمان خصوصی مرزا اشتیاق بیگ، صدرMake a Wish Foundation Pakistan تھے۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے سائنسی دور میں علم و آگاہی اور ذہنی استعداد میں برتری کامیابی کیلئے  لازم و ملزوم ہے، انہوں نے کہا کہ عصر حاضر کے دور کی ترقی علم و ہنر میں استعداد کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی نظام کا دار و مدار اعلیٰ علمی اور ذہنی استعداد پر منحصر ہوتا ہے۔ اس سے پہلے کالج کے پرنسپل بریگیڈیئر ( ر) خاور بیگ نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ ذہنی آزمائش کے مقابلوں کا انعقاد طلباء کی ذہنی صلاحیتوں اور استعداد کو جلا بخشتا ہے اور شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ مقابلے کے حتمی نتائج کے مطابق بحریہ کالج NORE-1 نے کوئز مقابلے جیتنے کا اعزاز حاصل کیا بحریہ کالج کار ساز نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اور فضائیہ کالج پی اے ایف بیس فیصل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ذہنی آزمائش کا مقابلہ تین رائونڈز  پر مشتمل تھا جس میں مختلف معلوماتی اور علمی سوالات پوچھے گئے۔