محرم میں مذہبی منافرت کی ہر سازش ناکام بنادینگے، ملی یکجہتی کونسل

October 13, 2015 2:04 pm0 commentsViews: 18

سود سے متعلق فیصلہ آئین سے متصادم ہے، ممتاز قادری کے حوالے سے فیصلہ قرآن و سنت اور آئین کے منافی ہے، ابوالخیر زبیر
ادارہ نور حق میں اجلاس سے اسد اللہ بھٹو،حافظ نعیم الرحمن، قاضی نورانی، ناظر عباس تقوی و دیگر مقررین کا خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) مختلف مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں اور علماء کرام نے محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے عزم کاا ظہار کرتے ہوئے مذہبی فسادات کی ہر سازش کو ناکام بنا دیا جائے گا۔ سودی نظام ظالمانہ ہے۔ سود سے متعلق فیصلہ آئین پاکستان سے متصادم ہے۔ آئین میں واضح طور پر لکھا ہے کہ کوئی بھی فیصلہ قرآن و سنت ﷺکے منافی نہیں ہوگا ان خیالات کا اظہار مقررین نے ملی یکجہتی کونسل کے تحت پیر کو ادارہ نور حق میں مذہبی  روا داری اور امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  کیا۔ کانفرنس کی صدارت ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر نائب امیر جماعت اسلامی  پاکستان اسد اللہ بھٹو نے کی جبکہ کانفرنس کے مہمان خصوصی ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صاحبزادہ ابو الخیر زبیر تھے۔ کانفرنس سے حافظ نعیم الرحمن، قاضی احمد نورانی، علامہ ناصر عباس نقوی، سید عقیل انجم قادری، علامہ جعفر سبحانی، برجیس احمد و دیگر نے خطاب کیا۔ صاحبزادہ ابو الخیر زبیر نے کہا کہ ممتاز قادری  کے حوالے سے عدالت کا فیصلہ نہ صرف قرآن و سنت ﷺبلکہ آئین پاکستان کے بھی منافی ہے تحفظ ناموس رسالت ﷺقانون کو کسی صورت ختم نہیں ہونے دیں گے۔ اس قانون کا بھر پور دفاع کریں گے۔ اور ملک بھر میں تحریک چلائیں گے۔