محرم الحرام کے دوران کراچی کے239 حساس مقامات کی نشاندہی

October 13, 2015 2:51 pm0 commentsViews: 24

ان مقامات پر دو گروپوں میں تصادم یا دہشت گردی ہو سکتی ہے، خفیہ اداروں کی رپورٹ
پولیس نے شہر کی 61امام بارگاہوں کو انتہائی حساس اور238 کو حساس قرار دیا ہے
کراچی(کرائم رپورٹر)محکمہ پولیس نے محرم الحرام کے دوران239مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں دو گروپوں میں تصادم یا دہشت گردی ہوسکتی ہے،پولیس نے شہر کی61امام بارگاہوں کو انتہائی حساس جبکہ 238کو حساس قراردیتے ہوئے سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ پولیس نے حساس اداروں کی رپورٹ پرمحرم الحرام میں کراچی میں601 مجالس کو انتہائی حساس اور 2028کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں یکم سے10 محرم الحرام تک واعظ کی 3محافل کو انتہائی حساس اور 70کو حساس‘  22مساجد انتہائی حساس،453حساس جبکہ 158ماتمی جلوس انتہائی حساس اور398حساس قرار دئیے گئے ہیں۔شہر کے جن239ایسے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں تصادم کا خدشہ ہے،ان میں ساوتھ رینج میں65،ویسٹ میں 144،ایسٹ میں30مقامات شامل ہیں جنہیں ٹربل پوائنٹ قراردیا گیا ہے۔

محرم میں 18 ہزار پولیس اہلکار سیکورٹی سنبھالیں گے
مساجد ، امام بارگاہوں اور مجالس کی سخت سیکورٹی کا حکم، عسکری گروپس پر نظر رکھی جائے، پولیس چیف
کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی پولیس نے محرم الحرام کا سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا،محرم الحرام کے دوران18ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر نے تمام زونل ڈی آئی جیز،ایس ایس پیز ،ایس پیز ، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو احکامات جاری کئے ہیں کہ محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کے غیر معمولی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔تمام مساجد ،امام بارگاہوں،مجالس اور جلوسوں کی سیکورٹی  کے لئے  مناسب پولیس فورس تعینات کی جائے جبکہ عمارتوں کی چھتوں پر اسنائپر تعینات کئے جائیں۔تما م عسکری اور فرقہ وارنہ گروپس کے کارندوں پر خصوصی نظر رکھی جائے۔تما م حساس مقامات پر پولیس موبائلز، موٹرسائیکل سوار اہلکار اور دیگر اہلکاروں کی ڈپلائمنٹ کو یقینی بنایا جائے۔

Tags: