رضویہ میں لوٹ مار کرنے والے ملزمان کا پولیس سے دو بدو مقابلہ ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

October 13, 2015 2:54 pm0 commentsViews: 25

پولیس نے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی، ساتھی فرار ہو گیا
کورنگی چکرا گوٹھ میں لوٹ مار کرنے والے ملزم پر عوام کا تشدد، کورنگی صنعتی ایریا سے چھ ملزمان پکڑے گئے
کراچی( کرائم رپورٹر)سول لائن پولیس نے ہجرت کالونی میں مقابلے کے بعد ملزم سجاد علی عرف ساجد عرف مجاہد کو زخمی حالت میں گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا،جبکہ ملزم کا ساتھی فرار ہوگیا۔رضویہ سوسائٹی پولیس نے ناظم آباد نمبرا یک نشان حیدر چوک پر لوٹ مارکرنے والے دو ملزمان سے دو بدو فائرنگ کا تبادلہ ہوا،جس میں پولیس نے ایک ملزم علی حیدر شاہ کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی،جبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہوگیا،زخمی ملزم سرجانی ٹائون کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔پاپوش پولیس نے تین ملزمان اظہر علی ،محمد بلال اور علی خان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔زمان ٹائون کے علاقے چکرا گوٹھ میں لوٹ مارکرنے والے ملزم عابد عرف ملاکو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور پولیس کے حوالے کردیا ۔کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے چھ ملزمان افضل ،اعجاز ،عرفان ،فیضان ،وسیم اور محمد بلال کو گرفتار کرلیا ۔

ٹارگٹڈ آپریشن بلوچ کالونی سے 15 افراد گرفتار تین ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری ظاہر کردی گئی
گرفتار ٹارگٹ کلرز کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے جبری فطرہ جمع کرنے کھالیں چھین کر اور ٹارگٹ کلنگ کرکے فنڈز جمع کرتے تھے
لیاری جنرل اسپتال کے قریب سے گینگ وار کے دو کارندے گرفتار پیر آباد میں میانوالی  کالونی سے مقابلہ کے بعد چار ملزمان پکڑ لئے گئے
کراچی(کرائم رپورٹر)رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے ،ٹارگٹڈ آپریشن اور مقابلے کے بعد تین ٹارگٹ کلراور زخمی ڈکیت سمیت 20ملزما ن کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ۔بلوچ کالونی پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 15مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی 2سعودآباد کے ایس ایس پی جنید شیخ نے پریس کانفرنس کے دوران سیاسی تنظیم کے تین ٹارگٹ کلر وں کی گرفتار ی ظاہر کردی ،ایس ایس پی جنید شیخ نے بتایا کہ پولیس نے شہر کے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے سیاسی تنظیم کے تین ٹارگٹ کلرکامران قریشی ،خاور اور یامین قریشی کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے تین ٹی ٹی پستول ،ایک بے بی کلاشنکوف،ایک پوائنٹ ٹورائفل برآمدکرلی ،پولیس کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ یہ تنظیم کے حکم پر جبری فطرہ جمع کرنا کھالیں چھین کر ٹارگٹ کلنگ فنڈنگ کرتے تھے ،ملزمان الفلاح ،شاہ فیصل کالونی ،سعودآباد ،ماڈل کالونی سمیت دیگر علاقوں میں متعد دٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ہیں‘ملزم یامین قریشی کے بارے میں بتایاکہ یہ پولیس اہلکار منصب کے قتل میں ملوث ہے۔سادہ لباس اہلکاروں نے اورنگی ٹائون کے علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے سیاسی تنظیم کے عہدیدار منظور عالم کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ رینجرز انٹیلی جنس نے لیاری کے علاقے لیاری جنرل اسپتال کے قریب کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار عذیر گروپ کے ایک کارندے کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔گذری پولیس نے ڈیفنس فیز 7خیابان سعدی میں مقابلے کے بعد ملزم عرفان کو زخمی حالت میں گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا ،پولیس کے مطابق ملزم کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اپنے ساتھی کے ہمراہ ایک بنگلے میں ڈکیتی کرکے فرار ہورہے تھے ۔ پیرآباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر میانوالی کالونی میں نیازو پٹھان نامی شخص کے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مارا تو وہاں موجود ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے جوابی فائرنگ کے بعد چار ملزمان میر خان عرف میرو، عظمت اللہ ،حمید خان عرف پہاڑی اور جہانگیر کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے دو پستول اور بڑی مقدار میں چرس برآمد کر لی ہے ۔پولیس ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔

رشید گوڈیل پر حملے میں ملوث2 ملزمان گرفتار
گرفتاریاں کراچی اور حیدرآباد سے عمل میں آئیں، ملزمان نے تفتیش کے دوران رشید گوڈیل پر حملے کا اعتراف کیا ہے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل پرقاتلانہ حملے میں ملوث دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ،جن کا تعلق سیاسی جماعت سے  بتایا جاتاہے۔تفصیلات کے مطابق کاونٹرٹیرارزم  ڈیپارٹمنٹ نے کراچی اور حیدرآباد میں کارروائی کرتے ہوئے رشیدگوڈیل پر مبینہ حملے میں ملوث2افراد کو حراست میں لے لیا گیا،جبکہ انکے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی  نے گلشن اقبال میں کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کیا تھا جس کی نشاندہی پر حیدرآباد میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ایک اور ملزم کو حراست میں لے لیا،دونوں ملزمان نے دوران تفتیش  ا یم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کا اعتراف کیاہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ ان افراد نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایا ہے کہ انہوں نے رشید گوڈیل پر حملے کے لئے ڈیفنس میں ریکی کی اور جب وہ اپنے پرانے گھر بہادرآباد جارہے تھے تو انہیں نشانہ بنایا گیا۔

Tags: