ہاکس بے اسکیم42 کے سیکٹرز میں تجاوزات کیخلاف آپریشن

October 13, 2015 2:59 pm0 commentsViews: 34

لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے محکمہ انسداد تجاوزات اور پولیس کی بھاری نفری کی کارروائی
لینڈ مافیا کی شدید مزاحمت اور فائرنگ، قانونی چارہ جوئی کرینگے، شاہد حسن کی گفتگو
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات پر لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے ہاکس بے اسکیم42 کے مختلف سیکٹرز میں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کیلئے لینڈ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا‘ آپریشن کے دوران ہاکس بے اسکیم42 کے سیکٹر65,64 ‘66 اور منڈیاری میں محترمہ شہید بینظیر بھٹو ٹائون میں قائم تجاوزات کو منہدم کرکے کروڑوں روپے مالیت کی سینکڑوں ایکڑ اراضی خالی کرالی ہے۔ آپریشن لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے محکمے کے ڈائریکٹر شاہد حسن اور بورڈ آف ریونیو کی انسداد تجاوزات پولیس کے ایس ایچ او رائو مقیم اور سب انسپکٹر محمد شاہد کی قیادت میں کیا‘ اس موقع پر اتھارٹی کے افسران کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور بورڈ آف ریونیو کے محکمہ انسداد تجاوزات کی ٹیم سیکٹر66 میں قائم غیر قانونی فیکٹری کو مسمار کرنے پہنچی تو لینڈ مافیا کے کارندوں نے شدید مزاحمت کی اور ٹیم کے عملے پر فائرنگ کردی۔ تاہم لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر شاہد حسن نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ہاکس بے میں غیر قانونی طور پر قائم کی جانیوالی اس فیکٹری کے مالکان اور فائرنگ کرنیوالے افراد کیخلاف قانونی چارہ جوئی کی جائیگی۔

Tags: