نئے ناموں سے سرگرم کالعدم تنظیموں کی کڑی نگرانی کا حکم

October 13, 2015 3:00 pm0 commentsViews: 25

محرم الحرام کیلئے مربوط سیکورٹی پلان ترتیب دیا جائیگا‘ انٹیلی جنس ایجنسیاں کالعدم تنظیموں پر نظر رکھیں‘ وزیر اعلیٰ سندھ
صوبے میں 9,8 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جائے‘ قائم علی شاہ کا محرم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ بھی شروع ہونے والا ہے اور بلدیاتی انتخابات بھی ہونے ہیں لہٰذا دونوں ایک ساتھ ہونے کے باعث ہمارے انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہئے کہ وہ مذموم عناصر کے ساتھ ان کالعدم تنظیموں پر بھی کڑی نگاہ رکھیں جو نئے ناموں کے ساتھ دوبارہ سرگرم ہوگئی ہیں۔ ہمیں ہر قیمت پر انہیں روکنا ہے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو وزیر اعلیٰ ہائوس میں محرم الحرام کے حوالے سے امن و امان سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کا یکم محرم سے آغاز ہو رہا ہے اور یہ سلسلہ چہلم تک جاری رہے گا لہٰذا اسے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے مد نظر رکھتے  ہوئے سیکورٹی پلان لازمی ترتیب دیا جائے۔ سیکورٹی کے حوالے سے ملنے والی دھمکیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے9, 8 اور10 محرم الحرام کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی  عائد کی جائے۔ محکمہ  داخلہ سندھ کو ہدایت کی ہے کہ وہ موبائل فون سروس کی پابندی، سروس کی معطلی کے حوالے سے وفاقی حکومت سے رابطہ کرے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام  انٹیلی جنس ایجنسیوں، رینجرز اور پولیس پر زور دیا ہے کہ وہ کالعدم تنظیموں بالخصوص وہ جو کہ نئے ناموں کے ساتھ سرگرم ہیں کی سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھیں اور انہیں الیکشن میں حصہ لینے سے روکیں، ڈی جی رینجرز بلال اکبر نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے گزشتہ سات سالہ تاریخ کو دیکھتے ہوئے انہوں نے شہر میں95 حساس مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں پر پولیس کے باہمی تعاون کے ساتھ خصوصی انتظامات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور رینجرز  نے پولیس  اور کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر کالعدم تنظیموں کے خلاف اسپیشل آپریشن کا آغاز کیا جو چہلم تک جاری رہے گا۔

Tags: