شہری سے2 لاکھ روپے چھیننے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

October 14, 2015 2:57 pm0 commentsViews: 22

بینک سے رقم نکلوا کر جانیوالے شخص سے لوٹ مار کے بعد مسلح ملزمان فرار ہو رہے تھے
مقابلے کے دوران ایک ملزم مارا گیا، دوسرا زخمی حالت میں گرفتار، لوٹی ہوئی رقم بھی برآمد کر لی گئی
کراچی(کرائم رپورٹر)الفلاح پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد ایک ملزم کو ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی رقم برآمد کرلی، تفصیلات کے مطابق الفلاح پولیس نے ملیر پھاٹک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد ایک ملزم اعجاز احمد کو ہلاک اور ملزم شاہد کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے انکے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول اور دو لاکھ روپے برآمد کرلیے ، اس ضمن میں ایس ایچ او امین مری کا کہنا ہے کہ مذکورہ مقام پر مدعی حاجی افتخار یوبی ایل بینک سے دو لاکھ روپے نکال کر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان اعجاز احمد اور شاہد اسلحہ کے زور پر مدعی حاجی افتخار سے پیسے لے کر فرار ہورہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس موبائل موقع پر پہنچ گئی اور ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہونے لگے پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلا ک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی رقم برآمد کرلی، ہلاک ہونے والا ملزم قائد آباد کا رہائشی تھا پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ۔

لیاری میں گھر سے ضعیف العمر
شخص کی تین دن پرانی لاش برآمد
کراچی(کرائم رپورٹر)لیاری میں مکان سے 2 سے تین دن پرانی تشدد زدہ ضعیف العمر شخص کی لاش ملی جبکہ شہر میں میں فائرنگ کے دیگر واقعات میں 3 افراد زخمی ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ کے علاقے محمود شاہ روڈ پرانا حاجی کیمپ کے قریب گھر سے تشدد زدہ دو سے تین دن پرانی 78 سالہ اسماعیل عرف بابو علی ولد علی محمد کی لاش ملی ، پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے سول اسپتال پہنچایا، اس ضمن میں ایس ایچ او ایاز خان کا کہنا ہے کہ مقتول گھر میں اکیلا رہتا تھا اور بے روزگار تھا مقتول کے سر پر چوٹ کا نشان ہے پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد لاش کو ایدھی سرد خانے میں رکھوادیا ہے ۔

سہراب گوٹھ میں گاڑی کی ٹکر
سے موٹر سائیکل سوار ہلاک
کراچی(کرائم رپورٹر)سہراب گوٹھ میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص ہلاک ہوگیا تفصیلات کے مطابق سچل کے علاقے الآصف اسکوائر کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 25 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا، متوفی کی لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا جہاں سے ورثاء بغیر کسی کارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے ، پولیس واقعہ سے لاعلمی ظاہر کررہی ہے ۔

ڈاکوئوں نے مزاحمت کرنے پر
4 افراد کو گولیاں مار کر زخمی کردیا
کراچی(کرائم رپورٹر)شہرمیںڈکیتی میںمزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے 4افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق عیدگاہ کے علاقے رنچھوڑ لائن نزد لکھ پتی ہوٹل کے قریب مسلح ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر گولی مار کر 50 سالہ سلیم ولد رحمت کو زخمی کردیا۔کلاکوٹ کے علاقے میں ڈکیتی مزاحمت پر 20 سالہ سلیم ولد غلام مصطفی زخمی ہوگیا۔بغدادی کے علاقے میں بغدادی اسٹاپ کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر 20سالہ ارسلان ولد اسلم زخمی ہوگیا۔بلوچ کالونی کے علاقے اقراء یونیورسٹی کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر 22 سالہ شعبان ولد شاہد زخمی ہوگیا ۔

لیاری میں پولیس نے 2گینگ وار کارندوں کو مقابلے میں مار ڈالا
پولیس کی 100 سے زائد اہلکاروں کی نفری نے چار بکتر بند گاڑیوں سمیت علاقے کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کیا تھا
رانگی پاڑہ میں چھپے گینگ وار کارندوں نے پولیس پر فائرنگ کردی، مقابلے میں ایک کارندہ مارا گیا، دوسرا کلاٹ میں ہلاک ہوا
کراچی(کرائم رپورٹر) لیاری میں سٹی ڈسٹرکٹ پولیس کا سرچ آپریشن کے دوران گینگ وار کارندوں سے مقابلے میں2کارندے مارے گئے،ہلاک ہونے والوں میں عذیربلوچ گروپ کا کمانڈر اور کارندا شامل ،قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ایس ایس پی فداحسین کے مطابق سٹی ڈسٹرکٹ پولیس کے 100 سے زائدکی نفری اور چار بکتر میں سوار اہلکاروں نے لیاری کے دو تھانوں چاکیواڑہ اور کلاکوٹ کے علاقوں میں گینگ وار کے خطرناک کارندوں کی موجودگی پرچیل چوک،افشانی گلی ،رانگی واڑہ سمیت اطراف کی گلیوںمیں سرچ آپریشن کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا، پولیس کا دعویٰ ہے کہ ا س دوران چاکیواڑہ کے علاقے رانگی واڑہ میں چھپے گینگ وار کارندوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کی‘ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں وہاں عذیر گروپ کا اہم کمانڈر محمد بلوچ ولد عیسی بلوچ مارا گیا،جبکہ اسی طرح دوسرا مقابلہ کلاکوٹ کے علاقے مل ایریا میں ہوا جس میں گینگ وار عذیر گروپ کا دوسر کارندا بلاول عرف شاہ جی مار اگیا،پولیس کا دعویٰ ہے کہ ہلاک کارندوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارودبرآمد کیا گیا ،دونوں ہلاک کمانڈر اور کارندا پولیس کو قتل،بھتہ خوری ،اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھے،پولیس کے مطابق مارے جانے والا کمانڈر محمد بلوچ اور بلاول عرف شاہ جی لیاری کلاکوٹ کے رہائشی تھے،تاہم دونوں کی لاشیں کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

رات گئے فیڈرل بی ایریا میں کار الٹ گئی، دولہا، دلہن سمیت3 افراد زخمی
واقعہ پاور ہائوس چورنگی کے قریب پیش آیا، کار تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی
بارات فیڈرل بی ایریا سے اورنگی ٹائون جار ہی تھی زخمی طبی امداد کے بعد گھر روانہ
کراچی( کرائم رپورٹر) رات گئے فیڈرل بی ایریا پاور ہائوس چورنگی کے قریب دلہا کی کار الٹ گئی‘ دولہا دلہن سمیت3 افراد شدید زخمی‘ تفصیلات کے مطابق رات گئے فیڈرل بی ایریا پاور ہائوس چورنگی کے قریب کار تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی‘ جس کی اطلاع پولیس اور طبی امدادی ٹیموں کو دی گئی۔ دونوں نے پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا‘ جہاں زخمیوں کی شناخت36 سالہ عقیل‘25 سالہ اسامہ اور 18 سالہ یاسمین کے نام سے ہوئی ہے‘ پولیس نے بتایا کہ بارات فیڈرل بی ایریا سے اورنگی ٹائون جارہی تھی کہ پاور ہائوس چورنگی کے مقام پر آکر تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں دولہا اور دلہن سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کے بعد گھر روانہ کردیا گیا۔

سولجر بازار سے نو مولود بچے کی لاش برآمد، چھریوں کے وار سے 2 افراد زخُمی
کراچی( کرائم رپورٹر) آج صبح سولجر بازار سے نو مولود بچے کی لاش ملی ۔ تفصیلات کے مطابق سولجر بازار کے علاقے میں واقع ہولی فیملی کلینک کے قریب سے نومولود بچے کی لاش ملی۔ جس کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا اور بعد ازاں تدفین کر دی گئی ہے دوسری جانب سہراب گوٹھ کے علاقے جنجال گوٹھ میں نا معلوم ملزمان نے چھریوں کے وار کرکے 30 سالہ شفیق ولد حنیف کو زخمی کر دیا جسے طبی امداد کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے پولیس نے بتایا کہ واقعہ ذاتی دشمنی معلوم ہوتا ہے۔ ادھر سپر ہائی وے ناگوری کانٹا کے قریب چھریوں کے وار سے 28 سالہ فرحت عباس ولد اقبال حسین زخمی ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیتی مزاحمت کے نتیجے میں مذکورہ واقعہ پیش آیا ہے۔

Tags: