ایم کیو ایم اس ہفتے پارلیمنٹ میں واپس آجائیگی طاہر مشہدی

October 15, 2015 12:38 pm0 commentsViews: 30

وفاقی حکومت نے ہمارے تحفظات سے اتفاق کیا‘ پانچ رکنی کمیٹی بنانے کافیصلہ کیا گیا ہے‘ جومعاملات دیکھے گی
ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی‘عدالت میں پیشی کے بعد رئوف صدیقی کی میڈیا سے بات چیت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے ہمارے تحفظات سے اتفاق کیا ہے ایم کیو ایم اسی ہفتے پارلیمنٹ میں واپس آئے گی۔ بلدیاتی انتخابات میں بھر پور انداز میں حصہ لیا جائے گا۔ بدھ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہمارے تحفظات سے اتفاق کیا ہے اس کے بعد5 افراد پر مشتمل کمیٹی بنانے کا معاہدہ کیا گیا ہے جس میں سیکریٹری داخلہ بھی شامل ہوں گے جبکہ ایم کیو ایم کی جانب سے دو افراد نامزد کئے جائیں گے ہم نے بیرسٹر ریٹائرڈ ججز اور سابق آئی جی کے نام دئے ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے بھی دو افراد نامزد کئے جائیں گے جن کے نام ابھی تک حکومت کی جانب سے دئے نہیں گئے ہیں اس کمیٹی کے حوالے سے نوٹیفکیشن پانچ دن میں جاری کیا جائے گا۔ کمیٹی کے نوٹیفکیشن کے بعد ایم کیو ایم یا کسی بھی جماعت کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف کسی بھی زیادتی یا نا انصافی سے متعلق درخواست دی جا سکے گی۔ کمیٹی90 دن کے اندر اندر اپنی سفارشات تحقیقات کے بعد حکومت کو بھجوا دے گی۔ اس ہفتے نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا اور ایم کیو ایم بھی پارلیمنٹ میں واپس آجائے گی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما رئوف صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات میں بھر پور طریقے سے حصہ لے گی۔

Tags: