فیس بک پر خاتون کو بلیک میل کرنیوالا گرفتار ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

October 15, 2015 12:55 pm0 commentsViews: 28

ایف آئی اے نے کلفٹن باتھ آئی لینڈ میں ایک کمپنی کے دفتر کے مالک کو حراست میں لیکر لیپ ٹاپ موبائل فون قبضے میں لے لیا
ملزم مظہر نے خاتون کی تصاویر اور غیر اخلاقی کلمات جعلی فیس بک پر اپ لوڈ کرنے کا اعتراف کیا، مزید تفتیش جاری، ایف آئی اے حکام
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے رشتہ کے نام پر حاصل کی گئی تصاویر کے ذریعے خاتون کو بلیک میل کرنے والے کو گرفتار کرلیا۔ ملزم نے متاثرہ خاتون کے نام سے ہی جعلی فیس بک آئی ڈی بنا رکھی تھی۔ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ضعیم کو بشریٰ فاطمہ نامی خاتون کی جانب سے دی گئی تحریری درخواست پر انکوائری نمبر 2015/117 کا آغاز کیا تھا۔ درخواست کے مطابق بشریٰ بش کے سے اس کی جعلی فیس بک آئی ڈی پر فوٹو شاپ کی مدد سے اس کی ذاتی تصاویر کو نا قابل اعتراض بنا کر نہ صرف پوسٹ کیا گیا بلکہ تصاویر کے ساتھ غیر اخلاقی کلمات بھی پوسٹ کئے جاتے رہے۔ درخواست گزار کے مطابق مذکورہ تصاویر مظہر نامی ملزم کے اہل خانہ کو رشتے کی بات چیت کے دوران فراہم کی گئی تھی تاہم رشتے کی بات میں ناکامی کے بعد مذکورہ تصاویر واپس نہیں کی گئیں۔ ایف آئی اے کی درخواست پر فیس بک انتظامیہ کی فراہم کر دہ آئی پی ایڈریس کے مطابق مذکورہ ایڈریس Lootlo Pk نامی کمپنی کے دفتر واقع باتھ آئی لینڈ میں زیر استعمال ہے۔ انکوائری افسر سب انسپکٹر غلام محمد کی سربراہی میں ٹیم کی جانب سے مذکورہ ایڈریس پر کارروائی کے دوران کمپنی کے مالک نے اس ضمن میں مظہر نامی ملزم کے نام کا انکشاف کیا ۔ ملزم کو طلب کئے جانے پر اس نے جعلی فیس بک آئی ڈی بنا کر تصاویر اور کلمات اپ لوڈ کئے جانے کا اعتراف کرلیا۔ ایف آئی اے کی ٹیم نے بلیک میلنگ میں استعمال کیا جانے والا لیپ ٹاپ اور ملزم کا موبائل فون بھی قبضے میں لے لیا ہے جبکہ ایف آئی آر نمبر 28/2015 کے تحت مزید کارروائی جاری ہے۔

آج صبح محمود آباد میں ٹارگٹڈ آپریشن،10 افراد گرفتار
زیر حراست افراد کا تعلق سیاسی جماعتوں اور کالعدم تنظیموں سے ہیں، محرم میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے
کراچی( کرائم رپورٹر) آج صبح رینجرز کی بھاری نفری نے محمود آباد کے مختلف علاقوں کو گھیرے میں لے کر ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران داخلی و خارجی راستوں کو رکاوٹیں لگا کر سیل کیا گیا اور کسی بھی شخص کو اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ رینجرز نے آپریشن کے دوران10 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق زیر حراست افراد کے قبضے سے دستی بم، کلا شنکوف، رپیٹر سمیت بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولیاں بر آمد کرلی ہیں اور زیر حراست افراد کا تعلق سیاسی اور کالعدم تنظیموں سے ہے جو کہ شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں اور محرم الحرام کے مہینے میں بڑی تخریب کاری کیلئے منصوبہ بنا رہے تھے۔

زمینوں میں خرد برد کے الزام میں
اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر) محکمہ اینٹی کرپشن نے سوک سینٹر میں کارروائی کرتے ہوئے کورنگی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ محمد کامران کو گرفتار کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محمد کامران کو زمینوں میں کی گئی خرد برد کی تحقیقات کیلئے گرفتار کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے بھی محکمہ اینٹی کرپشن نے سوک سینٹر میں چھاپوں کے دوران ریکارڈ قبضے میں لیا تھا۔

ٹھٹھہ میں رینجرز کے چھاپے پی پی رہنما سمیت12 ملزمان گرفتار
بھاری نفری نے مختلف علاقوں کا گھیرائو کرکے علی شیر بروہی، شیر علی اور دیگر افراد کو حراست میں لیکر کراچی منتقل کر دیا
ٹھٹھہ( یو پی پی) رینجرز کی بھاری نفری کا مختلف علاقوں کا گھیرائو، پیپلز پارٹی کے رہنما سمیت کئی افراد گرفتار، اسلحہ بر آمد، تفصیلات کے مطابق رینجرز کی بھاری نفری نے مکلی ٹھٹھہ اور مختلف علاقوں میں چھاپے مار پیپلز پارٹی کے سرکردہ رہنما علی شیر بروہی، شیر علی سمیت دیگر درجن سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔ جنہیں فوری طور پر کراچی منتقل کر دیا گیا ۔ رینجرز کی کارروائی کے بعد جرائم پیشہ افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اس ضمن میں معلوم ہوا ہے کہ گرفتار شدگان کے پاس سے اسلحہ بھی بر آمد ہوا ہے گرفتاریوں کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

ٹارگٹڈ آپریشن جعلی پولیس افسر سمیت 71 ملزمان گرفتار‘ اسلحہ برآمد
گلستان جوہر میں پولیس کی کارروائی میں ٹارگٹ کلنگ اور کارلفٹنگ میں ملوث 3 ملزمان پکڑے گئے‘ شاہ فیصل میں 5 ملزمان گرفتار
اتحاد ٹائون میں رینجرز اور پولیس کے آپریشن میں 45 افراد گرفتار تیموریہ تھانے کے علاقے سے 16 افراد کو پکڑلیا گیا
کراچی(کرائم رپورٹر)رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے ،مقابلے اور ٹارگٹڈآپریشن کے دوران زخمی حالت میں جعلی پولیس سمیت10ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ رینجرز اور پولیس نے شہر کے دومقامات پر سرچ آپریشن کے دوران61سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی انوسٹی گیشن پولیس نے گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب چھاپہ مار کارروائی کے دوران3ملزمان منیرشاہ ،عبدالفتح اور رحیم کوگرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول اور دوٹی ٹی پستول برآمد کرلیے ،پولیس کے مطابق ملزمان ٹارگٹ کلنگ اور کارلفٹنگ سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔شاہ فیصل پولیس نے پانچ نمبراور تین نمبر میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم،ندیم حیدرانصاری ، ارشد خان اور شاہد عالم کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، نیو ٹائو ن پولیس نے لیاقت نیشنل اسپتال کے قریب سے مقابلے کے بعد زخمی حالت میں سی ٹی ڈی کے جعلی افسرذاکر حسین کو گرفتارکرکے قبضے سے اسلحہ،منشیات اور لوٹی ہوئی رقم برآمد کرلی،جو ملزم نے موقع پر ایک شہری سے لوٹی تھی،پولیس نے ملزم کے خلاف تین مقدمات درج کرلئے ۔فرنٹیرپولیس چوکی کی نفری نے ککر گراؤنڈ فرنٹئیر کالونی میں چھاپہ مارکر ملزم غلام فرید کو گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔محمود آباد پولیس نے لوٹ مار کرنے والے ملزم م فاروق عر ف ماچھی استاد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیا ۔سی ٹی ڈی پولیس نے ایف بی صنعتی ایریا کے علاقے کالی ٹبی کے ایک مکان پر چھاپہ مارکر کامران نامی شخص کو حراست میں لے لیا ،علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کامران علاقے میں منشیات فروش کرتا ہے ،تاہم سی ٹی ڈی کے کسی بھی برانچ نے مذکورہ گرفتاری سے لاعلمی ظاہر کردی۔پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے اتحاد ٹائون کے علاقے عید گاہ موڑ محمد خان کالونی ؎ میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا، رینجرز اور پولیس نے علاقے کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرنے کے بعد گھر گھر تلاشی لی اس دوران کسی بھی شخص کو علاقے میں داخل یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی ، رینجرز نے آپریشن کے دوران45مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔بدھ کی صبح رینجرز نے تیموریہ تھانے کے عقب علاقے اور کے بی آر سوسائٹی میں سرچ آپریشن کے دوران 16سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔

رشید گوڈیل پر حملے میں ملوث ایک اور ملزم گرفتار
تحقیقات پر مامور تفتیشی ٹیم نے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر ڈیفنس فیز6 میں چھاپہ مار کر پیر علی کو گرفتار کر لیا
ملزم پیپلز پارٹی کے مقتول رہنما بلال شیخ کا بھائی ہے اور انہی کے فلیٹ سے گرفتار کیا گیا ہے، ذرائع کا دعویٰ
کراچی(کرائم رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ورکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل پر حملے کی تحقیقات پر مامور تفتیشی ٹیم کو ایک اور کامیابی، گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ایک اور ملزم گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل پر حملے کی تحقیقات پر مامور تفتیشی حکام نے بدھ کی شب گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ڈیفنس فیز 6میں چھاپہ مار کر ملزم پیر علی کو گرفتار کرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے ،ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ملزم پاکستان پیپلز پارٹی کے مقتول رہنما بلال شیخ کا بھائی ہے اور ملزم کو بلال شیخ کے فلیٹ سے ہی گرفتار کیا گیا ہے ،علاوہ ازیں حملے کے الزام میں گرفتار2 ملزموں نے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں،ذرائع کے مطابق ملزموں کا کہنا ہے کہ انہوں نے رشید گوڈیل پر حملہ لیاری گینگ وار کے کارندے شاہد بکک کے کہنے پر کیا جس کے لئے انہیں دو ، دو لاکھ روپے دئیے گئے،واضح رہے کہ رشید گوڈیل پر 18اگست کو بہادر آباد کے علاقے میں قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، واقعے میں رشید گوڈیل شدید زخمی جبکہ ان کا ڈرائیور جاں بحق ہو گیا تھا،تاہم ملزم کی گرفتاری کی حوالے سے سی ٹی ڈی ودیگر پولیس افسران لاعلمی کا اظہار کررہے تھے۔

مختلف علاقوں سے98 ملزمان گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی پولیس نے شہر کے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے98ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ ، منشیات اور دیگرسامان برآمدکرلیا۔کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیئے کے مطابق کراچی پولیس نے24گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 86چھاپہ مارکارروائیوں میں 98ملزمان کو گرفتار کرلیا،ملزمان میںدہشتگردی ایکٹ،اسلحہ ایکٹ، منشیات ایکٹ اور دیگرجرائم میں ملوث ملزمان شامل ہیں جن کے قبضے سے 27 پستول، 3480گرام چرس اور43گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔

عوامی کالونی میں مقابلہ‘ دو ڈاکوزخمی
حالت میں گرفتار‘ اسلحہ برآمد
کراچی( کرائم رپورٹر)عوامی کالونی پولیس نے کورنگی کے ایریا میں مقابلے کے بعددو ملزمان حسن شاہ اور ملزم ایاز برمی کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فونز برآمد کرلیے۔

پولیس مقابلے کے بعد زخمی ڈکیت ساتھی سمیت گرفتار
گرفتار ملزمان کے قبضے سے2 ٹی ٹی پستول، موبائل فون برآمد، دونوں ڈکیت جیل کاٹ چکے ہیں، پولیس
کراچی(کرائم رپورٹر)عوامی کالونی پولیس کا مدگار15کی کال پر پولیس کاملزمان سے مقابلہ ،زخمی ملزم کو ساتھی سمیت گرفتارکرلیا‘ملزمان کے قبضے سے 2ٹی ٹی پستول،موبائل فون ودیگر سامان برآمد کرلیا،شہریوں کا پولیس کے حق میں نعرہ،ملزمان پیشہ ور ہیں اس سے قبل بھی جیل کاٹ چکے ہیں۔ایس ایچ او خالد عباسی۔تفصیلات کے مطابق عوامی کالونی تھانے کے ایس ایچ او خالد عباسی نے بتایا کہ پولیس کو مددگار15سے کال موصول ہوئی کہ کے ایریا کے علاقے میں دو ڈاکو لوٹ مار کررہے ہیں،جس پر عوامی کالونی کی پولیس نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے جائے وقوعہ پر پہنچی تو ملزمان نے پولیس کو آتا دیکھ کر فائرنگ شروع کردی،پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کرتے ایک زخمی ڈکیت ایاز ولد ابوبکر برمی اور ساتھی حسن شاہ ولد رشید کو گرفتار کرلیا،ایس ایچ او خالد عباسی نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول،موبائل فون،چھینی گئی رقم بھی بر آمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ملزمان پیشہ ور ہیں اس سے قبل بھی جیل کاٹ چکے ہیں،شہریوں نے پولیس کی بروقت کارروائی پر پولیس کے حق میں نعرے بازی کی۔

آج صبح
موچکو میں پولیس مقابلہ
2 زخمی ملزم گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر) آج صبح موچکو تھانے کی حدود میں واقع ایدھی قبرستان کے قریب موٹر سائیکل پر سورا ملزمان راہگیروں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی‘ وہاں موجود ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی‘ پولیس کی جوابی فائرنگ سے2 ملزمان زخمی ہوگئے جنہیں حراست میں لے کر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جہاں ملزمان کی شناخت26 سالہ عامر گل ولد زرین گل اور 40 سالہ رحمت گل ولد اسوت گل کے ناموں سے ہوئی ہے‘ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ‘ موٹر سائیکل‘ مسروقہ سامان برآمد کرکے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ‘پولیس نے بتایا کہ ملزمان اسٹریٹ کرمنلز ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کرچکے ہیں۔

Tags: