بلدیاتی انتخابات فوج یا رینجرز کی نگرانی میں کرائے جائیں، ارباب لطف اللہ

October 15, 2015 12:58 pm0 commentsViews: 397

پیپلزپارٹی ہمارے امیدواروں کو ہراساں کر رہی ہے، الیکشن کمیشن صورتحال کا نوٹس لے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے تھر پار کر کے ضلع کونسل کے امیدوار سابق وزیر اعلیٰ ارباب غلام رحیم کے بھتیجے ارباب لطف اللہ نے الزام لگایا ہے پیپلز پارٹی ہمارے ہمدردوں کو ہراساں کر رہی ہے۔ اور انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور ان پر دبائو ڈالا جا رہا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہوجائیں۔ الیکشن کمیشن اس صورتحال کا فوری نوٹس لے انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی انتخابات کے شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد کیلئے ضروری ہے کہ یہ انتخابات فوج یا رینجرز کی نگرانی میں کرائے جائیں بصورت دیگر یہ انتخابات دھاندلی کی نذر ہوجائیں گے۔ ان کا حشر بھی 2013 والے انتخابات جیسا ہوگا، یہ مطالبہ انہوں نے بدھ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شفقت حسین شاہ شیرازی ، حنیف میمن اور اے ڈی لاکھو بھی موجود تھے۔ مسلم لیگ کے رہنما شفقت شاہ شیرازی نے الزام لگایا کہ پیپلز پارٹی نے قبل از بلدیاتی انتخابات دھاندلی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔