گینگ وار کے 2 کارندے مقابلوں میں ہلاک دو افراد کو قتل کردیا گیا ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

October 15, 2015 2:16 pm0 commentsViews: 37

رات گئے ماڑی پور میں غفار ذکری کا اہم کارندہ سمیر عرف چھوٹو مقابلے میں مارا گیا بغدادی میں بابا لاڈلہ کا کارندہ مقابلے میں ہلاک ہوگیا
شاہ بیگ لین میں گھر کے باہر بیٹھے نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا کورنگی میںموٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے چوکیدار ہلاک
کراچی( کرائم رپورٹر) ماڑی پور میں کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ انویسٹی گیشن ٹیم پر مبینہ حملے اور فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار غفار ذکری گروپ کا کارندہ مارا گیا‘ اور2پولیس اہلکار زخمی ہوئے‘لیاری میں پولیس کا سرچ آپریشن‘ مقابلہ‘ بابا لاڈلہ کا کمانڈر مارا گیا‘ لیاری شاہ بیگ لین اور کورنگی میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک کئے تفصیلات کے مطابق رات گئے کراچی ماڑی پورکے علاقے میں لیاری گینگ وارکے ملزمان کا سی ٹی ڈی کے اہلکاروں پر حملہ کردیا۔سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کردی،جس کے نتیجے میںلیاری گینگ وار غفار ذکری گروپ کااہم رکن سمیر عرف چھوٹو ہلاک ہوگیا جس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ایس ایس پی سی ٹی ڈی نوید خواجہ کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ہلاک ملزم 3رینجرز اہلکاروںکے قتل اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔ لیاری ڈویژن پولیس نے گینگ وار کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر بغدادی کے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا ۔اس دوران گینگ وارکارندوں نے پولیس پر فائرنگ کردی،جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک کارندا مارا گیا،اور دیگر کارندے فرار ہوگئے ،پولیس کے مطابق مارے جانیوالے کی کی شناخت اسامہ کمانڈرکے نام ہوئی جولیاری کا رہائشی اور لیاری گینگ وار نور محمد عرف بابالاڈلہ گروپ سے تعلق رکھتا تھا اور صادق گڈانی کے قتل سمیت اغواء برائے تاوان ،پولیس مقابلے ،بھتہ خوری سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا ۔بغدادی کے علاقے سلاٹر ہائوس نزد شاہ بیگ لین سی بلاک گلی نمبر12 میں موٹرسائیکل سوارمسلح ملزمان گھرکے باہر بیٹھے نوجوان پراندھادھند فائرنگ کرکے فرارہوگئے،فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان موقع پرہی جاں بحق ہوگیا ،مقتول کی لاش علاقہ مکینوں نے ایمبولنس کے ذریعے سول اسپتال پہنچائی ،ایس ایچ اونثار لودھی کے مطابق مقتول کی شناخت17سالہ شاہ محمد عرف شاہ زیب ولد مشاق بلوچ کے نام سے ہوئی ہے اورشاہ بیگ لین کا رہائشی تھا اورلیاری گینگ کے سرغنہ عذیر بلوچ گروپ کے جبار جینگو کا کارندہ تھا ۔کورنگی نمبر4میں موٹرسائیکل سوار دونامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے65سالہ عبدالرحیم ہلاک ہوگیا جس کی لاش اسپتال لائی گئی،ایس ایچ او کورنگی حامد خان کے مطابق مقتول علاقے کا چوکیدار اور اسی علاقے میں ایک کمرے کے مکان میں اکیلا رہتا تھا ،پولیس نے جائے وقوعہ سے30 بور پستول کے دو خول تحویل میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔مقتول کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔

آج صبح
اورنگی میں فائرنگ سے نوجوان زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر) آج صبح پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹائون گلشن ضیاء میں موٹر سائیکل پر سوار نا معلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 24 سالہ عرفان ولد زاہد کو زخمی کر دیا اور فرار ہوگئے جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے بتایا کہ زخمی عرفان اپنے گھر کے باہر تھا کہ 2 موٹر سائیکل پر سوار 4 ملزمان نے اسلحے کے زور پر موبائل فون اور پرس چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ انہیں روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

صبح سویرے
جوہر موڑ کے قریب گاڑی
کی ٹکر سے راہگیر ہلاک ہوگیا
کراچی( کرائم رپورٹر) آج صبح شاہراہ فیصل کے علاقے جوہر موڑ کے قریب نا معلوم تیز رفتار گاڑی نے راہگیر کو کچل دیا اور فرار ہوگئی۔ پولیس اور طبی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر متوفی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کیا، پولیس نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 55 سالہ فیضان گل کے نام سے ہوئی ہے اور متوفی گلستان جوہر کچی آبادی کا رہائشی بتایا جاتا ہے پولیس نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو گرفتار کرلیں گے۔

کورنگی صنعتی ایریا میں لوٹ مار کے
دوران مزاحمت پر ایک شخص زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر)کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے کورنگی بلال کالونی میں مسلح ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر گولی مار کر 45 سالہ ایاز خان ولد حکیم خان کو زخمی کردیا۔

ڈرگ ایسوسی ایشن کے سابق صدر غلام نورانی قاتلانہ حملے میں زخمی
ڈینسوہال کے قریب نامعلوم افراد نے غلام نورانی کو بہیمانہ تشددد کا نشانہ بنانے کے بعد تیز دھار آلے کے وار کرکے زخمی کردیا
سول اسپتال منتقل، حالت خطرے سے باہر، مضروب دفتر سے نکلے تو حملہ ہوگیا، آپس میں چپقلش کا شاخسانہ ہے،پولیس
کراچی(کرائم رپورٹر)ڈینسو ہال میں پاکستان ڈرگ کیمسٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر کو نامعلوم افراد نے تشدد کا نشانہ بنا نے کے دوران تیز دھارآلے کے وار کرکے زخمی کردیا۔تفصیلات کے مطابق کھارادر کے علاقے ڈینسوہال میں نامعلوم ملزمان نے پاکستان ڈرگ کیمسٹ ایسویسی ایشن کے سابق صدر غلام نوارنی کو بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے دوران تیز دھار آلے کے وار کرکے زخمی کردیا،جنہیں طبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں ان حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے،ایس ایچ او ندیم حیدر کے مطابق وقوعہ سے قبل مضروب اپنے دفتر سے کہیں جانے کیلئے نکلے تھے کہ ان پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا،تاہم مضروب کے بیان کی روشنی میں مذکورہ افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی،ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ واقعہ ایسوسی ایشن کی آپس کی چپقلش کا شاخسانہ ہے ،اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

 

Tags: