محرم سے ایک دن قبل ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کا تبادلہ

October 15, 2015 2:19 pm0 commentsViews: 30

مختار احمد سومرو کی جگہ محمد وسیم کو چارج مل گیا، ایک سال میں6 مرتبہ سیکریٹری داخلہ تبدیل
بار بار تبدیلی سے کراچی آپریشن متاثر ہو سکتا ہے، سیکورٹی اداروں کو تشویش لاحق ہو گئی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سندھ مختار احمد سومرو کا تبادلہ کردیا ہے اور ان کی جگہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو محمد وسیم کو سیکریٹری داخلہ سندھ کا چارج دے دیا ہے‘ محمد وسیم اس سے قبل بھی محکمہ داخلہ میں سیکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں‘ دریں اثناء سیاسی اور سرکاری حلقوں نے اس بات پر بڑی حیرت کااظہار کیا ہے کہ حکومت سندھ نے محرم الحرام سے محض ایک روز قبل سیکریٹری داخلہ کو ان کے عہدے سے ہٹادیا ‘حالانکہ وہ محرم کے حوالے سے کئے جانیوالے تمام سیکورٹی امور میں سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کا اہم کردار ادا کررہے تھے‘ واضح رہے کہ سندھ حکومت گزشتہ ایک برس کے دوران کم از کم6مرتبہ سیکریٹری داخلہ کو تبدیل کرچکی ہے اور اس عہدے پر اس سے قبل سید ممتاز علی شاہ‘ ڈاکٹر نیاز علی عباسی‘ عبدالرحیم سومرو اور پھر مختار سومرو کو اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا اور یہ تمام افسران تھوڑے تھورے عرصے تک اپنے منصب پر برقرار رہ سکے ‘ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں سیکریٹری داخلہ کی بار بار تبدیلی کا معاملہ ایپکس کمیٹی سندھ کے اجلاس میں بھی اٹھایا گیا اور بعض سیکورٹی اداروں نے اس حوالے سے اپنی تشویش کااظہار کرتے ہوئے یہ رائے دی تھی سیکریٹری داخلہ کی بار بار تبدیلی سے سندھ میں جاری آپریشن متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

Tags: