شہر کے مختلف علاقوں میں رات کو بھی 2 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ بجلی کی آنکھ مچولی معمول بن گئی

October 16, 2015 4:06 pm0 commentsViews: 26

لیاقت آباد‘ اورنگی ٹائون‘ لیاری‘ نیو کراچی اور سرجانی ٹائون کے علاقوں میں رات 12 بجے کے بعد غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ
ڈھائی گھنٹے کے حساب سے 3 بار لوڈشیڈنگ کی جاتی تھی اب مزید 2 گھنٹے کا اضافہ کردیا گیا ہے‘ مکینوں کا مؤقف
کراچی( نیوز ایجنسیاں) کے الیکٹرک انتظامیہ نے کراچی کے مضافاتی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں2 گھنٹے کا مزید اضافہ کر دیا، رات12 بجے کے بعد2 گھنٹے کیلئے بجلی بند ہونے سے شہری چین کی نیند سونے سے بھی محروم کر دئیے گئے۔ متاثرہ علاقوں میں لیاقت آباد، اورنگی ٹائون، لیاری، نیو کراچی اور سرجانی ٹائون شامل ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ کے الیکٹرک نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ ایک ہفتے سے شروع کر رکھا ہے جس کی وجہ سے شہری سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔ لیاری کے رہائشی ذیشان نے بتایا کہ ایک ہفتے قبل ڈھائی گھنٹے کے حساب سے 3 بار لوڈ شیڈنگ کی جا رہی تھی جس میں گزشتہ ایک ہفتے سے 2 گھنٹے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ معلوم ہوا کہ لیاری کے بعض علاقوں میں رات12 بجتے ہی 2 گھنٹے کیلئے بجلی بند کر دی جاتی ہے۔ جب کہ بعض میں ایک اور2 بجے بجلی بند کی جاتی ہے۔ جو کہ2 گھنٹے کا دورانیہ مکمل کرنے کے بعد ہی بحال کی جاتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بجلی کی آنکھ مچولی سے مکین شدید ذہنی اضطراب میں مبتلا ہیں۔ کورنگی بلال کالونی میں جمعرات کے روز سارا دن بجلی غائب رہی جس کے بعد علاقہ مکین شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔ ادھر لیاقت آباد میں بھی شہریوں کوغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیاقت آباد اور شریف آباد میں ڈھائی گھنٹے کے حساب سے 3 بار بجلی بند کی جاتی ہے۔ جب کہ بعض اوقات صبح9 بجے سے شام5 بجے تک بجلی بحال نہیں کی جاتی۔ شکایات درج کرانے پر مینٹی ننس کا کہہ کر ٹال دیا جاتا ہے۔ جب کہ علاقہ مکینوں کے مطابق مینٹی ننس کا کام کہیں نہیں ہو رہا ہوتا۔ نیو کراچی اور سرجانی ٹائون میں بھی رات گئے ایک اور کبھی2 گھنٹے کے لئے بجلی بند کر دی جاتی ہے جس سے مکین شدید پریشانی کا شکار ہیںِ۔

Tags: