انٹربورڈ میں کرپشن:انوار احمد زئی کیخلاف بھی تحقیقات

October 16, 2015 4:07 pm0 commentsViews: 28

سابق چیئرمین کیخلاف اربوں کی کرپشن کیے جانے کے حوالے سے موجودہ چیئرمین سے ریکارڈ طلب کرلیا گیا
انتظامیہ کی ایک ماہ کی مہلت اینٹی کرپشن حکام نے مسترد کردی،فوری حوالگی کا مطالبہ کردیا، ذرائع
کراچی( اسٹاف رپورٹر) صوبائی محکمہ اینٹی کرپشن نے انٹر بورڈ آفس میں سابق ناظم امتحانات عمران چشتی کے ساتھ ہی سابق چیئر مین انٹر بورڈ انوار احمد زئی کے خلاف بھی اربوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جس کیلئے موجودہ چیئر مین سے متعلق ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے۔ موجودہ چیئر مین کی جانب سے اینٹی کرپشن حکام سے ریکارڈ کی حوالگی کے لئے ایک ماہ کی مہلت طلب کی گئی، جسے اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے یہ کہہ کر مسترد کر دیا گیا کہ اہم دستاویزی ثبوت تاخیر کی وجہ سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس حوالے سے اینٹی کرپشن کی جانب سے چیئر مین انٹر بورڈ کو لیٹر بھیجا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن نے انٹر بورڈ میں سابق چیئر مین انوار احمد زئی کی جانب سے اربوں روپے کی کرپشن کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں اور یہ معاملہ انتہائی سنگین اور حساس نوعیت کا ہے۔ جس کے بعض ثبوت موجود ہیں۔ اس لئے چیئر مین انٹر بورڈ کو آگاہ کیا جا رہا ہے کہ وہ متعلقہ ریکارڈ فوری طور پر فراہم کریں تا کہ اس ریکارڈ کے ثبوتوں کے ساتھ جانچ پڑتال اور چھان بین کی جا سکے۔

Tags: