ایلسٹر کک کی شاندار بلے بازی نے انگلینڈ کی اننگ مستحکم کر دی

October 16, 2015 4:12 pm0 commentsViews: 33

تیسرے روز انگلش ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر290 رنز بنائے، کک168 رنز کے ساتھ نمایاں رہے
وہاب ریاض نے این بیل کو آئوٹ کرکے اہم پارٹنر شپ توڑ ڈالی، مارک ووڈ کو بھی شکار بنایا
ابو ظہبی( اسپورٹس ڈیسک) ایلسٹر کک کی نا قابل شکست سنچری کی بدولت انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف تیسری روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر290 رنز بنا لئے۔ انگلش ٹیم کو گرین شرٹس کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید233 رنز درکار ہیں۔ اور اس کی7 وکٹیں باقی ہیں کو میچ کا تیسرا روز انگلش کوبلے بازوں کے نام رہا اور پاکستان کے ہاتھ میں صرف3 وکٹیں آسکیں، کک اور این بیل نے انتہائی شاندار ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 165 قیمتی رنز جوڑے۔ تیسرے روز انگلش ٹیم نے56 رنز بغیر کسی نقصان پر اپنی پہلی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو ایلسٹر کک 39 اور معین علی15 رنز پر کھیل رہے تھے۔ دونوں بلے بازوں نے محتاط اندازے سے دن کا آغاز کیا تاہم 116 کے مجموعی اسکور پر عمران خان نے معین علی کو آئوٹ کرکے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔ معین علی35 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر این بیل نے کپتان کا ساتھ دیا۔ دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دوسری وکٹ میں165 رنز کی شراکت جوڑ کرٹیم کا اسکور 281 تک پہنچا دیا۔ یہاں پر وہاب ریاض نے بیل کو آئوٹ کرکے نہ صرف اہم پارٹنر شپ توڑ ڈالی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی۔ بیل63 رنز بن کر آئوٹ ہوئے مارک ووڈ 4 رنز بنا کر وہاب کی گیند کا نشانہ بنے۔ اس کے بعد کک اور روٹ نے مزید نقصان نہ ہونے دیا۔ آج چوتھے دن کا کھیل ہوگا۔

Tags: