برطانیہ نے ’’را‘‘ کی ایم کیو ایم کو فنڈنگ کے شواہد پاکستان کو دیدیئے

October 16, 2015 4:14 pm0 commentsViews: 19

وزارت داخلہ کی قانونی ٹیم کی برطانیہ میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کے حکام سے ملاقات کے دوران شواہد فراہم کئے گئے
10 افراد ’’را‘‘ سے فنڈ وصول کرکے ایم کیو ایم کو دیتے تھے‘ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی فہرست میں انکشاف‘ دستاویزات کا جائزہ لیا جارہا ہے
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را ‘‘کی ایم کیو ایم کو فنڈنگ کے شواہد پاکستان کو فراہم کر دیے۔ برطانوی دستاویزات کی بنیاد پر ایم کیو ایم کے خلاف پاکستان میں کارروائی کی جا سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ ایم کیو ایم ’’را‘‘ کی فنڈنگ کے ثبوت اسکاٹ لینڈ یارڈ نے وزارت داخلہ حکام کو دستاویزات کے ساتھ فراہم کر دئیے ہیں وزارت داخلہ کی قانونی ٹیم نے گزشتہ دنوں برطانیہ میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم سے ملاقات کی تھی۔ وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کے حکام مشترکہ طور پر ان دستاویزات کا جائزہ لے رہے ہیں جس کے بعد ان دستاویزات کی بنیاد پر کارروائی کی جا سکے گی، ادھر وزیر اعظم کے قانونی مشیر اشتراوصاف نے نجی چینل کو بتایا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ڈوزئیر وزارت داخلہ کو بھجوایا ہے۔ اس ڈوزئیر میں برطانوی تحقیقاتی ادارے نے منی لانڈرنگ اور پاکستان میں بیرونی فنڈنگ کے ثبوت دئے ہیں ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانیہ نے ایم کیو ایم کو ’’را ‘‘ فنڈنگ معاملے میں10 ناموں پر مشتمل فہرست حکومت پاکستان کے حوالے کر دی ہے۔ فہرست میں شامل افراد بھارتی خفیہ ایجنسی سے فنڈ وصول کر کے ایم کیو ایم کو دیتے تھے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے الطاف حسین اور محمد انور سے تحقیقات کرنے کے بعد دستاویزات تیار کی جسے حکومت برطانیہ نے پاکستان کے حوالے کر دیا۔ ایم کیو ایم کو بھارتی فنڈنگ کے حوالے سے مدد کیلئے پاکستان نے برطانوی حکام کو درخواست کی تھی۔

Tags: