پولیس اہلکاروں کے ٹارگٹ کلرز سمیت 7 ملزمان گرفتار اسلحہ برآمد ۔ دیگرجرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

October 16, 2015 4:22 pm0 commentsViews: 21

حساس ادارے کے اہلکاروں نے پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث 3 خطرناک ٹارگٹ کلرز کو تفتیش کیلئے خفیہ مقام پر منتقل کردیا
موچکو پولیس نے مقابلے کے بعد اسٹریٹ کرائم میں ملوث 2 ملزمان پکڑ لئے‘ ڈیفنس میں لوٹ مار کرنے والے 2 ملزمان گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر)حساس ادارے کے اہلکاروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تین خطرناک ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، گرفتار ملزمان کا گروہ 10 افراد پر مشتمل ہے۔پولیس نے دیگر کارروائیوں کے دوران چار زخمی سمیت7ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق حساس ادارے کے اہلکاروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائیاں کرتے ہوئے تین خطرناک ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے جانے والے ملزمان کا گروہ 10 افراد پر مشتمل ہے جو کہ تین تین کی ٹولیوں میں شہر کے مختلف علاقوں میں کام کرتا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ گروہ کا سرغنہ بلال نامی شخص ہے جو ملزمان کو پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کیلئے اسلحہ فراہم کرتا ہے ،ملزمان نے دوران تفتیش بتایا کہ انہوں ناظم آباد ، نیوٹائون کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اہلکاروں کو قتل کیا ، گرفتار ٹارگٹ کلرز کے قبضے سے اسلحہ بھی ملا ہے ، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں ۔موچکو پولیس نے ایدھی قبرستان کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد زخمی حالت میں دو ملزمان عامر اور رحمت گل کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول برآمد کرلی، گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے ، ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔ڈیفنس پولیس نے فیز 1بہبود سینٹر کے قریب لوٹ مار کرنے والے دو ملزمان رضوان علی اور عمیر خان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ،ملزمان کو طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔سعودآباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان نوید اور حسن کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول برآمد کرلی، گرفتار ملزمان گھروں میں ڈکیتیاں کرنے کے علاوہ اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتیں کرنے میں ملوث ہیں گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔عوامی کالونی پولیس نے کورنگی نمبر5میں لوٹ کرنے والے ملزم شاہ رخ کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔

شید گوڈیل پر حملے کے مزید2
ملزم مظفر گڑھ سے گرفتار
لاہور ( آن لائن) حساس اداروں اور پولیس نے مظفر گڑھ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے رشید گوڈیل پر حملے میںملوث2 ٹارگٹ کلر گرفتار کرلئے۔ دوسری جانب کراچی میں گرفتار ٹارگٹ کلرز نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے رشید گوڈیل پر حملہ شاہد بکک کے کہنے پر کیا۔

20 کروڑ سے زائد کی خورد
برد پر بینک کیشئر گرفتار
کراچی(اے پی پی) نیب کراچی نے209 ملین روپے کی مبینہ خورد برد میں ملوث نیشنل بینک پورٹ قاسم برانچ کے کیشئر عبدالجبار کو گرفتار کر لیا ہے، نیب کے بیان کے مطابق ملزم نے انچارج مراد شپنگ کمپنی ناصر مراد سے مل کر209 ملین روپے کا غبن کیا، لوٹی گئی یہ رقم مذکورہ ملزم اور اس کے اہلخانہ کے اکائونٹس میں منتقل کی گئی۔

پولیس چھاپہ مار کارروائیاں
102 ملزمان گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 102ملزمان کو گرفتارکر کے انکے قبضے سے اسلحہ اور دیگرمسروقہ سامان برآمدکرلیا۔کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیئے کے مطابق پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں24گھنٹوں کے دوران کارروائیاں کرتے ہوئے 79چھاپے اور مقابلے کے بعد 102ملزمان کو گرفتار کیا جن میں اسلحہ ایکٹ، منشیات ایکٹ،دہشتگردی ایکٹ، مفرور اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ملزمان شامل ہیں جنکے قبضے سے 20 پستول،1520گرام چرس،10گرام ہیروئن اور شراب کی بوتلیںبرآمد ہوئیں ۔

 

Tags: