دلیپ کمار کو بھارتی حکومت نے 2مرتبہ خفیہ مشن پر پاکستان بھیجا، سائرہ بانو

October 16, 2015 4:26 pm0 commentsViews: 24

پہلی بار ضیاء الحق کے دور میں خصوصی طیارے میں دلیپ کمار اسلام آباد آئے تھے
دلیپ کمار کادوسرا دورہ پاکستان حال ہی میں ہوا ہے، دونوں ممالک میں دوستی کی کوشش کی گئی، خورشید محمود قصوری
نئی دہلی (نیٹ نیوز) ممبئی میں گزشتہ دنوں ہونیوالے پاکستان مخالف مظاہروں کے بعد پاکستان کے سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے دلیپ کمار سے ملاقات کی اور کہا کہ ہندوستانی فلموں کے نامور اداکار کو بھی ماضی میں کئی بار شیوسینا کی جانب سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان امن کی کوششوں میں ان کا کردار بے مثال ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بالی ووڈ اداکار نے ہندوستانی حکومت کی جانب سے2 بار پاکستان کا خفیہ دورہ کیا۔ ایک نجی ٹی وی سے فون پر بات کرتے ہوئے خورشید محمود قصوری نے کہا کہ پیر کو میرے خلاف ہونیوالے مظاہرے کے بعد میں نے بہتر سمجھا کہ ہمارے اہم محسن( دلیپ کمار) سے ملاقات کروں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے مہاتما گاندھی کے پیرو کار سے ان کے سابق گھرمانی بھون میں ملاقات کی۔ اس کے بعد میں نے جناح ہائوس کا دورہ کیا اور یہ دیکھ کر میرا دل ٹوٹ گیا کہ وہ انتہائی خراب حالت میں ہے جبکہ اسے ممبئی میں پاکستان کا قونصلیٹ بنایا جاسکتا ہے۔ خورشید قصوری کا کہنا تھا کہ دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے مجھے بتایا کہ دلیپ کمار 2 بار خفیہ مشن پر پاکستان جا چکے ہیں۔ وہ ہندوستانی حکومت کی جانب سے اسلام آباد کیلئے خصوصی طیارے کے ذریعے گئے تھے۔ سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ نے بتایا کہ دلیپ کمار کا ایک دورہ ضیاء الحق کے دور حکومت میں ہوا تھا جبکہ دوسرا دورہ حال ہی میں ہوا ہے۔

Tags: