لانڈھی میں 45 لاکھ کی ڈکیتی‘ فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ۔ دیگر جرائم و حادثات میں مزید ہلاک و زخمی

October 16, 2015 4:29 pm0 commentsViews: 28

ڈاکوؤں نے بینک میں داخل ہوکر سیکورٹی اہلکاروں سے اسلحہ چھین لیا اور 70 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہونے لگے
سیکورٹی گارڈ نے ملزمان پر فائرنگ کردی جس سے ایک ہلاک ہوگیا اور 25 لاکھ روپے کی رقم لٹنے سے بچ گئی
کراچی (کرائم رپورٹر)لانڈھی بابر مارکیٹ میں 8 سے زائد مسلح ملزمان دس منٹ کے دوران 45لاکھ سے زائد رقوم لوٹ کر فرار ہوگئے ،سیکورٹی گارڈ نے جان پر کھیل کر ایک ڈاکو کو فائر نگ کرکے ہلاک کردیا جس کی وجہ سے پچیس لاکھ روپے کی ر قوم بچ گئی۔ملزمان فرار ہوتے وقت سیکورٹی گارڈ کی پستول بھی لے گئے ۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی کے علاقے لانڈھی نمبر6بابر مارکیٹ میں قائم میزان بینک میں جمعرات کی صبح 11بجکر25منٹ کے قریب بینک میں8 مسلح ملزمان داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر بینک میں تعینات مستینگ سیکورٹی کمپنی کے تین گارڈ جمیل ،محمد یامین اور سوڈا خان سے اسلحہ چھین لیا ،جبکہ بینک میں موجود بینک عملے اور کسٹمرز کو یرغمال بنالیا ،ملزمان کیش کائونٹر سے رقم کے تین تھیلے جس میں اندازاً70لاکھ سے زائد رقوم موجود تھی اوربینک میں نصب خفیہ کیمروں کی ریکارڈنگ سسٹم بھی اپنے ہمراہ لیکر جانے لگے اس دوران شور شرابہ پر ملزمان نے ہوائی فائرنگ کی ،پولیس کا کہنا ہے کہ سیکورٹی گارڈ نے فرار ہونے والے ملزمان پر فائرنگ کردی ،سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک ملزم شدید زخمی ہوگیا جبکہ اسکے ساتھی اپنے زخمی ساتھی کو چھوڑ کر فرار ہوگئے ،پولیس نے بتایاکہ جب پولیس موقع پر پہنچی تو ملزم شدید زخمی تھا اور اسکے ہاتھ میں رقم کا ایک تھیلا موجود تھا جبکہ دیگر ملزمان رقم کے دیگر تھیلے گارڈ کا اسلحہ اور ریکارڈنگ سمیت دیگر سامان لیکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، بعد ازاں زخمی ملزم کو ایس آئی یو پولیس اہلکاروںنے گرفتار کرلیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلا ک ہوگیا ،پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کے قبضے سے جو تھیلا ملا اس میں 25لاکھ روپے کی رقم موجود تھی اور پستول کے دو میگزین ملے ۔ڈیوٹی افسر نے بتایاکہ بینک عملے کا کہنا ہے کہ ملزمان 45لاکھ روپے سے زائد رقوم لوٹ کر فرار ہوئے ،دو تھیلوں میں پینتالیس لاکھ روپے تھے جو ہلاک ہونے والے ملزم ساتھی لیکر فرارہوئے ،ایس ایچ او احمد بٹ اور ایس ایس پی کورنگی تنویر عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ ملزمان رقم کا تھیلا لیکر فرار ہوئے ہیں تاہم اس میں کتنی رقم موجود تھی اس کا ابھی اندازہ نہیں لگایا جاسکا ہے۔ گارڈز کی فائرنگ سے ایک ملزم کی ہلاکت اور اسکی بہادری پر تعریفی سند دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق پولیس نے ایک زخمی ملزم کو بھی حراست میں لیا تھا جسے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اس سلسلے میں ایس ایس پی فاروق اعوان سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ملزم ایک ہی زخمی ہوا تھا۔

گاڑیوں کی ٹکر سے ضعیف العمر خاتون اور چوکیدار ہلاک، پرانا گولیمار سے لاش برآمد
گلستان جوہر کامران چورنگی پر فہیم گل اور سائٹ حبیب بینک چورنگی کے قریب نامعلوم خاتون کو گاڑی نے کچل دیا
پاک کالونی گٹر باغیچہ کے قریب ملنے والی40 سالہ شخص کی لاش کی شناخت نہ ہو سکی
کراچی(کرائم رپورٹر)شہر قائد میں ٹریفک حادثات و یگر واقعات میں ضعیف العمر خاتون اور مرد سمیت2افراد جاں بحق ہوگئے ۔پاک کالونی سے لاش ملی ۔تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل کے علاقے گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 74 سالہ فہیم گل ولد شندے موقع پر جاں بحق ہوگیا، پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے قریبی نجی اسپتال پہنچایا، پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کامران چورنگی کے قریب فلیٹ میں چوکیداری کرتا تھا اور کسی کام سے رات کو فلیٹ سے باہر نکلا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آگیا،سائٹ ایریا کے علاقے حبیب بینک چورنگی کے قریب تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 60سالہ نامعلوم خاتون جاں بحق ہوگئی۔پاک کالونی کے علاقے گٹر باغیچہ کے قریب 40سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی۔

فائرنگ کے واقعات میں3 افراد زخمی
کراچی(کرائم رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے دیگر واقعات میں تین افراد زخمی ہوگئے تفصیلات کے مطابق زمان ٹائون کے علاقے کورنگی کے ایریا سپرمارکیٹ کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر 58 سالہ اسحاق ولد محمد یوسف زخمی ہوگیا،پاکستان بازار کے علاقے گلشن ضیاء میں ڈکیتی مزاحمت پر 23 سالہ عرفان ولد زاہد زخمی ہوگیا ، نیوکراچی کے علاقے سیکٹر 11A میں ڈکیتی مزاحمت پر 35 سالہ سید ثاقب حسین ولد سید نادر حسین زخمی ہوگیا۔

فائرنگ سے گدھا گاڑی ریس میں شامل نوجوان سمیت2 افراد قتل
مائی کلاچی روڈ پر فائرنگ سے ہلاک ہونے والا گدھا گاڑی ریس کے بعد دوستوں کے ہمراہ لیاری جا رہا تھا
جیل چورنگی پر لوٹ مار کے دوران مزاحمت کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والا دم توڑ گیا
کراچی(کرائم رپورٹر)جیل چورنگی اور مائی کلاچی روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں گدھا گاڑی ریس میں شامل بلوچ نوجوان سمیت 2 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن کے علاقے مائی کلاچی روڈ پر واقعہ ریلوے پھاٹک کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 20 سالہ جنید بلوچ ولد اقبال شدید زخمی ہوا ،جو اسپتال میں دم توڑ گیا،پولیس کے مطابق مقتول کلفٹن میں ہونے والی کدھاگاڑی ریس سے فارغ ہونے کے بعد اپنے دیگر گدھا گاڑی اور موٹر سائیکلوں پر سوار ددستوں کے ہمراہ اپنے گھر لیاری جارہا تھاکہ نامعلوم مقام سے آنے والی گولی لگنے سے ہلاک ہوا،تاہم پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔ادھر جیل چورنگی بہارد آباد کی طرف جانے والے موڑ پر مسلح ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 30 سالہ اویس نامی نوجوان کو گولی مار کر زخمی کیاجو اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا،مقتول نیوٹائون کا رہائشی بتایا جاتا ہے جبکہ اسی مقام سے تھوڑے فاصلے پر بھی فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا جس کے نتیجے میں عبید ولد حنیف نامی نوجوان زخمی ہوا،جبکہ نیو ٹائون اور جمشید کوارٹر پولیس حدود کے تنازعہ پر ہی الجھی رہی۔

لاسی گوٹھ میں نوجوان نے گلے
میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی
کراچی(کرائم رپورٹر) سہراب گوٹھ کے علاقے لاسی گوٹھ میں ایک نوجوان نے رسی کی مدد سے پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ تھانے کی ایوب گوٹھ چوکی کی حدود لاسی گوٹھ بھٹائی چوک قبرستان کے قریب ایک کوارٹر میں رہائش پذیر 22 سالہ عمران ولد غلام حسین نے نامعلوم وجہ کی بناء پر خودکو رسی کی مدد سے پنکھے میں پھندا لگا کر ہلاک کرلیا،انچارج ہدایت شر کے مطابق متوفی نیو کراچی کی فیکٹری میں ملازمت کرتاتھا جو میرو خان سے آبائی تعلق رکھتا ہے،جبکہ اس کے ساتھ رہائش پذیر دیگر اس کے ساتھی کا م پر تھے اور متوفی نے آج کام کی چھٹی کی ہوئی تھی،تاہم تفتیش کے بعد ہی اصل محرکات سامنے آسکیں گے۔

 

Tags: