ٹریفک پولیس اہلکاروں کو سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی

October 16, 2015 4:28 pm0 commentsViews: 28

شہر میں ڈیوٹی دینے والے سیکڑوں اہلکاروں کی جانیں دائو پر لگی ہوئی ہیں
ٹریفک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے سیکورٹی کیلئے ایڈیشنل آئی جی کو مراسلہ ارسال کر دیا
کراچی (کرائم رپورٹر)کراچی ٹریفک پولیس پر تواتر سے کیے جانے والے قاتلانہ حملوں کے باوجود شہر بھر میں دو تہائی مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کو سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے سیکڑوں اہلکاروںکی جانیں دائوپر لگی ہوئی ہیں، ٹریفک پولیس اہلکار گاڑیوں کے بجائے دہشت گردوں پرنظر رکھنے لگے۔ ٹریفک پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی پولیس کو موصول ہونے والے ہنگامی مراسلے میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کو سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس بات کی جانب توجہ دلائی گئی ہے کہ شہر بھر میں250مقامات تاحال غیرمحفوظ ہیں، شہر میں صرف39 مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کو سیکورٹی فراہم کی جا رہی ہے جن میں سے 10مقامات پر رینجرز اہلکار ٹریفک پولیس کی حفاظت پر مامور ہیں جبکہ29مقامات پر ریپڈ رسپانس فورس کو ٹریفک پولیس کی حفاظت کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کو سیکورٹی کی فراہمی کے لیے پولیس کے پاس کوئی مؤثر حکمت عملی موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے ٹریفک پولیس اہلکاروں پر حملوں کے واقعات وقفے وقفے سے رونما ہورہے ہیں۔

Tags: