آج صبح، کورنگی میں گھر کی دہلیز پر فائرنگ سے ایک شخص قتل

October 17, 2015 3:25 pm0 commentsViews: 24

موٹر سائیکل سواروں نے ضیاء کالونی کے رہائشی اصغر چوہدری کو گولیاں ماریں اور فرار ہو گئے
مقتول سے فجر کی نماز کے بعد گھر کے باہر بیٹھے4 نامعلوم افراد سے تلخ کلامی ہوئی تھی، ذرائع
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے کورنگی ضیاء کالونی میں گھر کی دہلیز پر فائرنگ سے ایک شخص قتل، تفصیلات کے مطابق آج صبح کورنگی تھانے کی حدود ضیاء کالونی گلی نمبر1 مکان نمبر 63 کے سامنے نا معلوم مسلح موٹر سائیکل پر دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے 55 سالہ اسفند گل چوہدری ولد الیاس چوہدری کو قتل کر دیا اور فرار ہوگئے۔ مذکورہ واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول واقعے کے وقت فجر کی نماز پڑھ کر آرہا تھا کہ اس کے گھر کے باہر 4 ملزمان بیٹھے ہوئے تھے جن سے تلخ کلامی ہوئی اور بعد ازاں ملزمان نے فائرنگ کر دی اور فرار ہونے میں با آسانی کامیاب ہوگئے۔ جناح اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ مقتول کے سینے میں گولیاں لگی ہیں اور اس واردات میں نائن ایم ایم پستول کا استعمال ہوا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی معلوم ہوتا ہے۔

Tags: