ہماری حکومت آئی تو گورنر اور ریسٹ ہائوسز ختم کردینگے‘ عمران خان

October 17, 2015 3:50 pm0 commentsViews: 29

نوازشریف کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کرنے کی ضرورت نہیں‘ ملک کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دے دیا گیا‘ تقریب سے خطاب
سردار محمد رند کی تحریک انصاف میں شمولیت‘ بلوچستان سے ناانصافی ختم کرنے کے بجائے فوج بھیجی جاتی ہے‘ چیئرمین پی ٹی آئی
نتھیا گلی( نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کرنے کی ضرورت نہیں، ملک کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دیدیا گیا ہے، آئی ایم ایف کو امریکہ اور یہودی کنٹرول کر تے ہیں 18 ویں ترمیم وزارتوں کے ساتھ جائیدار بھی صوبوں کو منتقل ہونی تھیں۔ پاکستان ٹورازم نے30 ارب کی پراپرٹی ابھی تک صوبائی حکومت کو منتقل نہیں کی، صوبائی حکومت اب گورنر ہائوس نتھیا گلی کو کوئی بجٹ نہیں دے گی۔ چیف سیکریٹری ریسٹ ہائوس کو خیبر پختونخوا ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نتھیا گلی کے ان13 ریسٹ ہائوسز پر سالانہ2 کروڑ روپے خرچہ آتا تھا چند ہفتے قبل انہیں سیاحوں کیلئے کھولا گیا تو 40 لاکھ روپے کمائے ہیں جن پر اخراجات صرف4 لاکھ روپے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق میں ہماری حکومت آئے گی تو تمام گورنر ہائوسز اور ریسٹ ہائوسز کو ختم کریں گے۔ این اے122 میں ضمنی انتخابات میں ہمیں بڑی کامیابی ملی ہے۔ نواز شریف کہتے ہیں نیا خیبر پختونخوا کہاں ہے بلدیاتی الیکشن کے بعد نیا خیبر پختونخوا بن گیا ہے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے گائوں کے لوگوں کو اختیارات دے دئے گئے ہیں۔ دریں اثناء سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند نے پی ٹی آئی میںشمولیت اختیار کر لی۔ اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بلوچستان سے نا انصافی ختم کرنے کے بجائے فوج بھیجی جاتی ہے بلوچستان کی تاریخ محرومیوں سے بھری ہوئی ہے۔

Tags: