پاک روس معاہدہ کراچی سے لاہور تک ایل این جی پائپ لائن بچھائی جائیگی

October 17, 2015 4:17 pm0 commentsViews: 24

وزیراعظم کی موجودگی میں وفاقی وزیر پیٹرولیم اور روس کے وزیر توانائی نے معاہدے پر دستخط کئے‘منصوبے پر 2 ارب ڈالر لاگت آئے گی
پائپ لائن کے ذریعے ملک کے دیگر حصوں تک اضافی گیس لے جانے میں مدد ملے گی‘ شاہد خاقان عباسی کی بات چیت
اسلام آباد( نیوز ڈیسک) پاکستان اورروس کے درمیان کراچی سے لاہور 1100کلو میٹر طویل ایل این جی پائپ لائن کا معاہدہ طے پاگیا ہے‘ وفاقی وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور روس کے وزیر توانائی الیگزینڈر نووک نے کراچی سے لاہور تک طویل 2ارب ڈالر مالیت کے ایل این جی گیس پائپ لائن کے معاہدے پر دستخط کئے‘ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف بھی موجود تھے‘ دستخط کے بعد دونوں عہدیداروں نے دستاویزات کا تبادلہ کیا‘ نارتھ سائوتھ گیس پائپ لائن معاہدوں کے تحت رو س اپنی سرکاری کارپوریشن‘ آر ٹی گلوبل ریسورس کے ذریعے پائپ لائن بچھانے کیلئے پاکستان کی انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ اشتراک کار کریگا۔ شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ یہ منصوبہ پاکستان کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے‘ کیوں کہ اس سے پاکستان کے دیگر حصے تک اضافی درآمدی گیس لے جانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پائپ لائن جنوب سے ملک کے دیگر حصوں تک گیس کی فراہمی کیلئے مناسب نظام وضح کریگی جس کیلئے اس وقت کوئی نظام موجود نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شمال جنوب پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد میں معاونت کریگا۔ جو 30 ماہ میں مکمل ہوگا‘ یہ منصوبہ42انچ قطر کی پائپ لائن بچھاتے ہوئے کراچی سے لاہور تک 1.2 ارب مکعب فٹ گیس کی نقل وحمل کا حامل ہوگا۔ پہلا مرحلہ دسمبر2017 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

Tags: