اورنگی میں کالعدم لشکر جھنگوی کا سربراہ گرفتار‘ ہٹ لسٹ برآمد ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

October 19, 2015 4:40 pm0 commentsViews: 41

پولیس اور حساس اداروں کیلئے چھلاوا سمجھا جانے والا ملزم چوہدری اسلم قتل سمیت دہشتگردی کی بڑی کارروائیوں میں ملوث ہے
ملزم کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد‘ ملزم محرم الحرام میں دہشت گردی کی واردات کرنا چاہتا تھا
کراچی( نیوز ڈیسک) آپریشن میںمصروف اداروں کو ایک بڑی کامیابی مل گئی، سلامتی پر مامور اداروں نے خفیہ اطلاع پر اورنگی ٹائون میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس اور حساس اداروں کیلئے چھلاوا سمجھے جانے والے کالعدم لشکر جھنگوی کے سربراہ قاری عطا الرحمن عرف نعیم بخاری کو حراست میں لیا قاری عطا الرحمن عرف نعیم بخاری محرم الحرام میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کیلئے چند روز قبل ہی کراچی پہنچا تھا۔ ملزم کا نام ریڈ بک میں سر فہرست تھا اور وہ چوہدری اسلم کے قتل سمیت شہر میں ہونے والی بڑی کارروائیوں میں ملوث تھا۔ انتہائی با خبر ذرائع کے مطابق ملکی سلامتی پر مامور حساس ادارے کو خفیہ اطلاع  ملی تھی کہ کالعدم تنظیموں کے 3 انتہائی اہم اور مطلوب دہشت گرد محرم الحرام میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کیلئے کراچی پہنچ چکے ہیں جس پر حساس ادارے نے نیٹ ورک کو فعال کر دیا تھا۔ ذرائع نے بتایا  کہ حساس ادارے نے2 روز قبل خفیہ اطلاع پر اورنگی ٹائون میں قائم ایک مکان پر چھاپہ مار کر ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے انتہائی جدید اسلحہ، دھماکہ خیز مواد ، خود کش جیکٹ، ڈیٹو نیٹر اور ایک ہٹ لسٹ بر آمد کر لی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ حساس ادارے کی حراست میں موجود دہشت گرد  کا نام قاری عطا الرحمن عرف نعیم بخاری ہے جو کہ کالعدم لشکر جھنگوی کا سربراہ ہے۔ ذرائع نے کہا کہ قاری عطا الرحمن کئی برس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کے لئے چھلاوا بنا ہوا تھا اور اس کے کراچی آنے کی اطلاع ملتی ضرور تھی تاہم اس کو کبھی گرفت میں نہیں لیا جا سکا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ ایک سال قبل بھی نعیم بخاری کراچی آیا تھا اور اس کی گرفتاری کیلئے ناظم آباد میں پکٹ بھی لگائی گئی تھی تاہم شدید خون خرابے کے پیش نظر اس پر ہاتھ نہیں ڈالا گیا تھا۔

مچھر کالونی، گھر سے خاتون کی پھندا لگی لاش برآمد، شوہر گرفتار
22 سالہ سیما کو شوہر اسرار بنگالی نے قتل کیا، مقتولہ کے ورثاء کا الزام
معمولی تلخ کلامی کے بعد دلبرداشتہ ہو کر میری بیوی نے خودکشی کر لی، گرفتار ملزم کا بیان
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ڈاکس کے علاقے میں خاتون کی پھندا لگی لاش ملی پولیس نے اہلیہ کے قتل کے شبہ میں شوہر کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔ اتوار کو مچھر کالونی بنیا گلی میں واقع محمد اسرار بنگالی کے گھر سے اہلیہ22 سالہ سیما بی بی کی پھندا لگی  لاش ملی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا۔ ہیڈ محرر شیر بہادر نے بتایا کہ شوہر اسرار نے بیان دیا ہے کہ جب میں گھر پہنچا تو میری اہلیہ کی لاش پنکھے کی مدد سے لٹکی ہوئی تھی میری اہلیہ سے معمولی طورپر تلخ کلامی ہوئی تھی اس نے دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کر لی۔ تاہم پولیس قانونی کارروائی کر رہی تھی کہ متوفیہ کے اہلخانہ اسپتال پہنچ گئے اور انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ اسرار نے سیما بی بی کو قتل کیا ہے اور یہ اس پر تشدد بھی کیا کرتا تھا۔ سیما نے خود کشی نہیں کی بلکہ اس کو قتل کیا گیا۔

ایران میں داخلے کی کوشش
پر 100پاکستانی گرفتار
کوئٹہ( نیوز ڈیسک) ایرانی سیکورٹی فورس نے ایران میں داخل ہونیوالے پاکستانی باشندوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ اتوار کو 100 پاکستانی باشندے غیر قانونی طور پر ایران میں داخل ہوئے تھے۔

رینجرز، پولیس کے چھاپے، ٹارگٹ کلرز، بھتہ خور سمیت23 ملزمان گرفتار
ہجرت کالونی سے بادشاہ خان سمیت چار گرفتار، اسلحہ ، گولہ بارود برآمد، کھارادر اور گلشن معمارسے9 ملزمان گرفتار
مبینہ ٹائون پولیس نے گھروں اور دکانوں کے تالے توڑ کر چوریاں کرنیوالے گروہ کو گرفتار کر لیا
کراچی(کرائم رپورٹر)رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوںمیں ٹارگٹڈآپریشن ،چھاپے اور مقابلے کے بعدکالعدم و سیاسی تنظیم اور بھتہ خور سمیت23ملزما ن کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں ملیرسٹی،رفاع عام سوسائٹی،گلشن غازی اتحاد ٹاؤن ،کھارادر،جمشیدٹاؤن اورگلشن معمارکے علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران9ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں ٹارگٹ کلرز،ایک سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے بھتہ خور اور کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے ملزمان شامل ہیں۔ رینجرز انٹیلی جنس نے سلطان آباد اور ہجرت کالونی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے بادشاہ خان سمیت4مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا اور تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا،الفلاح پولیس نے ملیر ندی بند نزد گل ٹائون میں مقابلے کے بعد ملزم عبدالوہاب کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے کلاشنکوف برآمد کرلی ۔مبینہ ٹائون پولیس نے ملزم محمد طالب اور دو اشتہاری سمیت3ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیا ،پولیس کے مطابق ملزم محمد طالب دکانوں اور گھروں کے تالے توڑ کر چوریاں کرتا تھا ۔اتحادٹائون پولیس نے سیون اسٹار کوچ کے اڈے کے قریب چھاپہ مار کر لیاری گینگ وار بہادر (پی ایم ٹی)گروپ کے کارندے شاہنواز عرف شانی کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔سہراب گوٹھ پولیس نے2مختلف کارروائی میں 2ملزمان اسماعیل اور تاج محمد کو گرفتار کر کے منشیات اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ۔تیموریہ انویسٹی گیشن پولیس نے ایک کارروائی میں ٹارگٹ کلر شہروز عرف یحی کو گرفتار کرلیا ۔رینجرز نے اورنگی ٹائون میں متحدہ کے دفتر پر چھاپہ مار کر یونٹ 123 کے سابق انچارج دلشاد کو حراست میں لے لیا ۔

کھارادر اور لیاری سے کالعدم تنظیم سے وابستہ2 افراد گرفتار
برکت گلی میں جرائم پیشہ افراد آصف عرف برتن اور حنیف کی گرفتاری کیلئے چھاپہ، دونوں ملزمان فرار ہو گئے
کراچی( کرائم رپورٹر)قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے کھارادر لیاری کھڈا مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا،ذرائع کا دعویٰ ہے کہ زیر حراست افراد کے نام امجد اوربلال ہیں ،تاہم علاقہ پولیس کھارادر نے رابطہ کرنے پر کسی بھی کارروائی کی تصدیق نہیں کی ۔جبکہ انہیں اہلکاروں نے کھارادر برتن گلی میں جوئے کے اڈے پرجرائم پیشہ دو افراد آصف عرف برتن اور حنیف کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تاہم چھاپے سے قبل دونوں جرائم پیشہ افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

جنوبی وزیرستان سے کراچی آنے والے3 دہشت گرد گرفتار
ملزمان کراچی میں کئی بڑے حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے، گرفتار شدگان سے اسلحہ بھی برآمد
زیر حراست افراد خیبر پختونخوا میں سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ہیں، ذرائع
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے سہراب گوٹھ جنجال گوٹھ میں حساس اداروں کی کارروائی‘ 3 دہشت گرد گرفتار‘ تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹارگٹڈ کارروائیوں کے بعد ملک دشمن عناصر نے جان بچانے کیلئے بھاگ دوڑ شروع کردی‘ آج صبح حساس اداروں نے سہراب گوٹھ جنجال گوٹھ میں ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران جنوبی وزیرستان سے کراچی آنیوالے3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا‘ حساس اداروں کے اہلکار اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادہ بھی ہوا‘ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان جنوبی وزیرستنا میں آپریشن ہونے کے بعد کرایی میں روپوش تھے اور یہاں سے اپنا نیٹ ورک چلارہے تھے اور کراچی میں کسی بڑے حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے‘ دہشت گرد خیبر پختونخوا میں سیکورٹی فورسز پر حملوں میں بھی ملوث بتائے جاتے ہیں‘ ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے‘ حساس اداروں نے گرفتار ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔

کراچی پولیس کا سرچ
آپریشن‘ متعدد افراد گرفتار
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پولیس نے مشتبہ افراد کی اطلاع پر صدر عبداللہ ہارون روڈ‘ پریڈی‘ آرام باغ‘ سٹی شاپنگ مال‘ بلند عمارتوں‘ مسافر خانے سمیت ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا‘ آپریشن میں4تھانوں کی نفری نے حصہ لیا ۔

Tags: