میڈیسن مارکیٹ کے صدر پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے

October 19, 2015 4:34 pm0 commentsViews: 14

حملہ آوروں کو 3 دن کے اندر گرفتار نہ کرنے کی صورت میں آئندہ لائحہ عمل تیار کرینگے، سراج الدین
کراچی( پ ر) پاکستان کیمسٹس اینڈ ڈرگسٹس ایسوسی ایشن اور کراچی ہول سیل کیمسٹ کونسل نے کراچی ہول سیل میڈیسن مارکیٹ کے صدر غلام ہاشم نورانی، پر ادویہ اسمگلروں کی جانب سے قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعہ میں ملوث ملزمان کی عدم گرفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ایپکس کمیٹی کے لئے یہ سوالیہ نشان ہے اور گورنر سندھ، کور کمانڈر، وزیر داخلہ سندھ، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی سے مطالبہ کیا ہے کہ کمشنر کراچی کی غیر قانونی ادویہ کے خلاف قائم ٹاسک فورس میں شامل غلام ہاشم نورانی پر حملہ در اصل پاکستان کے ڈرگ قانون پر حملہ ہے، اس کا سنجیدہ نوٹس لیا جائے ان خیالات کا اظہار سراج الدین کی صدارت میں پی سی ڈی اے اور کے ڈبلیو سی سی کے مشترکہ ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں اس امر پر بھی غور کیا گیا کہ کراچی ہول سیل میڈیسن مارکیٹ میں ادویہ اسمگلروں، کھیپیوں ان کے سرپرستوں پر مبینہ طور پر پولیس کی ملی بھگت کی صورتحال سے ارباب اختیار کو تحریری اور زبانی طور پر مطلع کرنے کے باوجود سماج دشمن عناصر کے خلاف بروقت کارروائی نہ ہونے کے باعث یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے لئے اگرمتعلقہ حکام بروقت قانونی کارروائی عمل میں لاتے تو یہ سانحہ پیش نہیں آتا۔ مقدمہ درج کرانے  جب مارکیٹ کے لوگ تھانے  گئے تو واقعے میں ملوث ملزمان اور ان کے ساتھی تھانے کے باہر پولیس کو للکارتے رہے اور پولیس ان کے سامنے خاموش تماشائی بنی رہی۔ اور تین روز میں مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں اپنے آئندہ لائحہ عمل طے کرنے کا اعلان بھی کیا۔