تاجروں نے ٹیکس اصلاحات کے بغیر گوشوارے جمع نہ کرانیکی دھمکی دیدی

October 20, 2015 3:45 pm0 commentsViews: 29

حکومت چوہے بلی کا کھیل بند کرے،ود ہولڈنگ ٹیکس واپس لیے بغیر اب کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے
تاجروں نے طویل احتجاج کی صف بندی کرلی، عاشورہ کے بعد نئی تحریک کا اعلان کرینگے، آصف اللہ والا کی آغاز سے گفتگو
کراچی( کامرس رپورٹر) ٹیکس اصلاحات کے بغیر تاجر گوشوارے جمع نہیں کرینگے، حکومت چوہے بلی کا کھیل بند کرے۔ ود ہولڈنگ ٹیکس واپس لئے بغیر حکومت سے اب کوئی مذاکرات نہیں ہونگے۔ تاجر وں نے طویل احتجاج کیلئے صف بندی کر لی ہے۔ عاشورہ کے بعد نئی تحریک کا اعلان کرینگے۔ یہ بات آل کراچی تاجر اتحاد کے سینئر رہنما اور آرام باغ تاجر الائنس کے چیئر مین آصف اللہ والا نے گزشتہ روز نمائندہ آغاز کو بتائی۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد تاجر رہنمائوں کا ایک ٹولہ وزارت خزانہ کی ایماء پر تاجروں کے ساتھ کھلواڑ کرنے میں مصروف ہے جبکہ مذاکرات کے نام پر وفاقی وزیر خزانہ تاجروں کو مسلسل دھوکہ دے رہے ہیں انہوں نے ایف بی آر کے اس اعلان پر شدید رد عمل ظاہر کیا کہ نان فائلر کو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کیلئے ایک ماہ اور بینک ٹرانزکشن کیلئے0.3 فیصد پر دو ماہ کی چھوٹ دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ تاجر اس وقت تک ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہوں گے جب تک ایف بی آر ٹیکس قوانین میں اصلاحات نہیں کرتی اور ود ہولڈنگ ٹیکس کے نام پر جبر یہ بھتہ وصولی کرنے کا عمل بند نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ عاشورہ محرم کے بعد کراچی سمیت ملک بھر کے تاجر بینک ٹرانزکشن کے خلاف میدان میں ہونگے۔

Tags: