ملک میں احتساب فوج کی نگرانی میں کرایا جائے، حیات شاہ

October 20, 2015 4:13 pm0 commentsViews: 17

جن اداروں کی ذمہ داری احتساب کرنا ہے وہ خود کرپشن میں ملوث ہیں، سربراہ جسٹس پارٹی
زرداری اور نواز حکومتیں ملک میں لوٹ مار میں ملوث ہیں ، جنرل کونسل اجلاس سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان جسٹس پارٹی کے چیئرمین ابوالحیات شاہ نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت کی تباہی کی تمام ذمہ دار زرداری اور نواز حکومتیں ہیں جنھوں نے لوٹ مار کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا، گلشن اقبال میں واقع پارٹی کے مرکزی دفتر میں جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حیات شاہ نے کہا کہ ملک میں احتساب کے نام پر قوم کو بے وقوف بنایا جارہا ہے جن اداروں کی ذمہ داری احتساب کرنا ہے وہ خود کرپٹ اور کرپٹ حکمرانوں کے مقرر کردہ ہیں لہٰذا ان سے شفاف احتساب کی توقع رکھنا بے کار ہے، حیات شاہ نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتیں جو انتخابات میں دھاندلی روکنے کے لئے فوج کی نگرانی میں انتخابات کرانے کا مطالبہ کررہی ہیں وہ فوج کی نگرانی میں احتساب کرانے کا مطالبہ کیوں نہیں کرتیں جسٹس پارٹی آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ دیگر معاملات کی طرح احتساب کرنے والوں کی بھی کڑی نگرانی کریں اور کرپشن میں ملوث ان عناصر کیخلاف بھی کارروائی کو یقینی بنائیں جو احتساب کے نام پر لوٹ مار میں ملوث ہیں، حیات شاہ نے کہا کہ دراصل ملک کی تمام پارٹیاں اسٹیٹس کی حامی اندر سے ملی ہوئی ہیں اور چاہتی ہیں کہ جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت ختم ہوجائے اور وہ پھر سے آزاد ہوجائیں، حیات شاہ نے کہا کہ اگر اس وقت کڑا اورشفاف احتساب نہ ہوا تو ملک کی سالمیت دائو پر لگ جائے گی۔ حیات شاہ نے کہا کہ فوج فوری طور پر ملکی خزانے کی لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے ورنہ خونی انقلاب دستک دے رہا ہے۔