ملیر: منشیات کے اسمگلر کے گھر سے 13 غیر ملکی مغوی بازیاب

October 20, 2015 4:16 pm0 commentsViews: 20

بازیاب افراد میں 8 کا تعلق تنزانیہ اور 5 کا نائیجریا سے ہے‘ 20 کلو حشیش اور ایک کلو ہیروئن برآمد
منشیات اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی اسمگلر سلیم بلوچ فرار‘ تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں‘ اے این ایف
کراچی(کرائم رپورٹر)اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی کے علاقے در محمد گوٹھ میں کارروائی کر کے منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تیرہ یرغمال بنائے گئے غیر ملکی بازیاب کرالئے‘اینٹی نارکوٹکس فورس کے ترجمان کے مطابق پیر کو اطلاع پر کراچی کے علاقے در محمد گوٹھ میں اسمگلر سلیم بلوچ کی نجی جیل پر چھاپہ مارا گیا، چھاپے کے دوران نجی جیل سے یرغمال بنائے گئے13غیر ملکیوں کو بازیاب کرا لیا گیا۔ بازیاب کرائے گئے آٹھ افراد کا تعلق تنزانیہ اور پانچ کا تعلق نائجیریا سے ہے،اے این ایف نے نجی جیل سے ایک کلو ہیروئن اور بیس کلو حشیش بھی برآمد کرلی جسے بیرون ملک اسمگل کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا تھا،ترجمان کے مطابق بازیاب تیرہ غیر ملکیوں کو اسمگلر سلیم بلوچ نے منشیات کی زر ضمانت کے طور پر رکھا تھا،اے این ایف کا کہنا ہے کہ اسمگلر سلیم بلوچ مفرور ہے،بلوچستان حکومت کو بھی اطلاع دے دی گئی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان افراد کو ہیروئن کے کیپسول کھلا کر منشیات کو بیرون ملک اسمگل کرنے کی تیاری کی جارہی تھی۔

Tags: