ایٹمی ہتھیاروں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا‘ وزیر اعظم

October 20, 2015 4:18 pm0 commentsViews: 21

تحریک انصاف کہیں تو کھڑی ہوجائے‘ اب ووٹر لسٹوں کا معاملہ اٹھادیا ہے‘ اوکاڑہ میں پی ٹی آئی کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہوئی ہے
افغانستان میں امن خطے کیلئے ضروری ہے‘ اقتصادی راہداری منصوبے پر کوئی دبائو نہیں‘ لندن میں میڈیا سے بات چیت
لندن، اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن خطے کیلئے ضروری ہے ملکی مفاد اور ایٹمی ہتھیاروں پر اپنی پوزیشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ خواہش ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق حاصل ہو سکے اقتصادی راہداری پر دبائو نہیں ہے۔ را کی مداخلت کے ثبوت سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو دئیے ہیں۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ میں پی ٹی آئی کی ضمانت ضبط ہوئی۔ دھاندلی کا شور مچانا، سیاسی نا پختگی ہے، وزیر اعظم آ ج امریکہ روانہ ہوں گے۔ جہاں22 اکتوبر کو اوباما سمیت اہم شخصیات سے ملاقات اور انسداد دہشت گردی سمیت اہم امور پر گفتگو کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ امریکہ میں ملکی مفادات کا تحفظ کروں گا۔ الیکشن کا نتیجہ سامنے آگیا ہے۔ لاہور میں ایاز صادق جیتے، اوکاڑہ میں تحریک انصاف کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہوئی۔ پی ٹی آئی کو سبق سیکھنا چاہئے۔ تحریک انصاف کہیں تو کھڑی ہوجائے۔ اب ووٹر لسٹوں کا معاملہ اٹھایا ہے ایسی غیر سنجیدہ سیاست سے دکھ ہوتا۔ پاکستان خدا خدا کرکے مشکل صورتحال سے نکلا ہے۔ سیاستدانوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ دھاندلی کے الزامات پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا گیا ۔ الیکشن کمیشن نے دھاندلی کے تمام الزامات مسترد کر دئے ہیں۔ 2018ء تک عام انتخابات سے پہلے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیں گے۔ امریکا سے سمجھوتے سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ1999ء میں ایٹمی دھماکے کے وقت کون وزیر اعظم تھا، جس نے ایٹمی دھماکے کئے ، قوم ایٹمی دھماکہ کرنیوالے وزیر اعظم کو جانتی ہے۔ دریں اثناء ذرائع کے مطابق نواز شریف کی زیر صدارت لندن میں اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی شرکت کی، وزیر اعظم کے دورہ امریکا سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Tags: