عوام ہوشیار یوم عاشور کے جلوس میں خودکش حملوں کیلئے کم عمر بچوں کو استعمال کرنے کا خدشہ

October 21, 2015 3:26 pm0 commentsViews: 22

دہشت گرد تنظیمیں سبیلوں کے پانی میں زہر آلودہ خطرناک کیمیکل بھی ملا سکتی ہیں
شہر کے مختلف علاقوں سے نکلنے والے چھوٹے جلوسوں اور مرکزی جلوسوں میں بھی تخریب کاری کا خدشہ ہے
سڑک کے کنارے بجلی کے پولوں میں نصب ڈبوں اور زیرتعمیر عمارتوں کے ملبے میں بھی دھماکہ خیز مواد چھپایا جاسکتا ہے
حساس اداروں کی رپورٹ کے بعد سیکورٹی اداروں نے جلوس کی گزرگاہوں کے راستے مکمل بند کرنے کا فیصلہ کرلیا
مشکوک افراد کی فوری گرفتاری کا حکم، شہر کے ہوٹلز کی بھی سخت چیکنگ کی ہدایت کردی گئی
کراچی (کرائم رپورٹر)یوم عاشور کے جلوس پر کم عمر بچوں کو خود کش حملوں میں استعمال کئے جانے خدشہ، پانی کی سبیلوں میں زہریلا مادہ پلانے ، جلوس کی گزر گاہوں میں بھی تخریب کاری کا امکان ہے، سیکورٹی اداروں نے رپورٹ پیش کردی۔ حساس اداروں کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ میں انکشاف کیاگیاہے کہ دہشت گرد تنظیموں نے یوم عاشور کے جلوسوں پر کم عمر بچوں کے خود کش حملوں کی منصوبہ بندی کررکھی ہے۔رپورٹ میں اس بات کا بھی انکشاف کیاگیاہے کہ تخریب کار تنظیمیں سبیلوں کے پانی میں مہلک کیمیکل بھی ملاسکتی ہیں جبکہ مختلف علاقوں سے برآمد ہونے والے چھوٹے جلوسوں اور مرکزی جلوس کی گزرگاہ میں بھی تخریب کاری کا خدشہ ظاہر کیاگیاہے۔ سرکاری اطلاع کے مطابق سڑک کے کنارے نصب بجلی کے پولز کے ساتھ لگے ڈبوں میںبھی دہشت گرد دھماکہ خیز مواد رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں نیز زیر تعمیر عمارات کے باہر پڑے ملبے میںبھی دھماکہ خیز مواد چھپایا جاسکتاہے جو بڑے سانحہ کا پیش خیمہ ہوسکتاہے ۔ سیکورٹی اداروں کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ کے تناظر میں محکمہ داخلہ نے سیکورٹی انتظامات کو مزید سخت کرنے ، مشکوک افراد کو دیکھتے ہی حراست میں لینے ، جلوس کی گزرگاہوں کی جانب آنیو الے تمام داخلی وخارجی راستوں کو مکمل طور پر بند کرنے کا حکم دیاہے۔ علاوہ شہر میں قائم ہوٹلز کی بھی سخت چیکنگ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔

Tags: