کراچی سمیت سندھ کے 8اضلاع میں ڈبل سواری پر پابندی، موبائل فون بند کرنے کی سفارش

October 21, 2015 3:26 pm0 commentsViews: 21

حفاظتی پلان کے تحت کراچی میں 530 مجالس حساس قرار، سادہ لباس اہلکار بھی فرائض انجام دیں گے، سی سی ٹی وی کیمروں سے مرکزی جلوس کی نگرانی ہوگی
پنجاب اور پشاور میں بھی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، ڈرون کیمروں کا استعمال بھی ممنوع، پابندی18نومبر تک برقرار رہے گی
لاہور/ کراچی( نیوز ڈیسک، مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی سمیت سندھ کے 8 اضلاع میں ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی جبکہ سیکورٹی کے پیش نظر پنجاب اور پشاور میں بھی ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی۔ پنجاب میں ڈرون کیمروں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں 9,8 اور10 محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کیلئے مربوط سیکورٹی پلان تیار کر لیا گیا۔ شہر قائد میں گزشتہ رات12 بجے سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی جبکہ موبائل فون بند کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ شہر کراچی میں600 سے زائد جلوس بر آمد ہوں گے۔ 146 جلوس انتہائی حساس جبکہ378 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ کراچی میں5 ہزار 400 مجالس کا انعقاد ہوگا، جن میں530 مجالس کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ سیکورٹی کے سادہ لباس اہلکار بھی سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مرکزی جلوس کی مانیٹرنگ کی جائے گی ۔ حفاظتی پلان کے تحت کراچی میں17 ہزار سے زائد جوان سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے، محکمہ داخلہ سندھ نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی، سکھر، خیر پور، شکار پور، میر پور خاص لاڑکانہ، جامشورو اور حیدر آباد میں21 سے24 اکتوبر تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے۔ جبکہ شہر کراچی میں9 اور10 محرم الحرام کو موبائل فون بند کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ ادھر ڈپٹی کمشنر پشاور نے دفعہ144 ضابطہ فوجداری کے تحت8 ویں 9 ویں اور دسویں محرم تک 3 دن کیلئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کے بٹھانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے سیکشن 144 کے تحت محرم کے دوران امن و امان کا قیام یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر میں ڈبل سواری پر پابندی اور فضا میں بغیر پائلٹ اڑنے والی مشینری کے استعمال، ریمورٹ کنٹرول ماڈل ایئر کرافٹ، ڈرون کیمروں، فضائی کیمروں، کواڈ کا پٹرز، ہیلی کیمز، اور غباروں کے ذریعے میڈیا، اسپورٹس، کمرشل اور تفریحی سرگرمیوں کی کوریج پر ایک ماہ کو کیلئے پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ پابندی19 اکتوبر2015ء سے18 نومبر 2015ء تک برقرار رہے گی۔

Tags: