بلدیاتی الیکشن حیدرآباد میں میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے متحدہ کی کامیابی کا امکان

October 21, 2015 3:50 pm0 commentsViews: 35

سندھ کے دوسرے بڑے شہر میں 22 یوسیز میں چیئرمین ،وائس چیئرمین اور 13 یوسیز میں متحدہ کے پورے پینل آگئے
حیدرآباد میں جنرل کونسلروں کی 384 نشستوں میں 198 پر متحدہ کے امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے
( نیوز ڈیسک) سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں متحدہ قومی موومنٹ کو میئر اور ڈپٹی میئر کی نشستیں ملنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں، تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد کی میونسپل کارپوریشن کی22 یونین کونسلوں میں ایم کیو ایم کے نامزد کر دہ چیئر مین اور وائس چیئر مین بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق حیدر آباد کی میونسپل کارپوریشن 96 یونین کونسلوں پر مشتمل ہے۔ ان میں سے13 یونین کونسلوں پر ایم کیو ایم کے پورے پینل کامیاب ہوگئے ہیں جن میں چیئر مین، وائس چیئر مین اور جنرل کونسلرز کے امیدوار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حیدر آباد کی 9 یونین کونسلوں میں ایم کیو ایم کے چیئر مین اور وائس چیئرمین بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں، اسی طرح مجموعی طور پر 22 یونین کونسلوں میں ایم کیو ایم کے چیئر مین اور وائس چیئر مین بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ حیدر آباد میونسپل کارپوریشن کے جنرل کونسلروں کی 384 نشستوں سے198نشستوں پر ایم کیو ایم کے جنرل کونسلرز بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں، اس طرح اب جنرل کونسلروں کی186 نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔ 22 یونین کونسلوں میں44، چیئر مین اور وائس چیئر مین اور198 جنرل کونسلروں کے ساتھ مجموعی طور پر حیدر آباد سے ایم کیو ایم کے بلا مقابلہ کامیاب ہونے والے امیدواروں کی تعداد 242 ہے۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ حیدر آباد میں ایم کیو ایم کے میئر اور ڈپٹی میئر کی کامیابی یقینی نظر آتی ہے۔

Tags: