ٹکٹوں کی تقسیم کا تنازعہ، کراچی میں لیگی امیدواروں کی احتجاج کی دھمکی

October 21, 2015 4:00 pm0 commentsViews: 31

بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹ بنائی گئی کمیٹی کے ذریعے دیئے جائیں،دین محمد لغاری کی پریس کانفرنس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن کراچی کے سینئر صدر دین محمد لغاری نے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کے امیدوار کو ٹکٹ پارٹی کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کے ذریعے جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو وہ آئندہ کے لائحہ عمل طے کرتے ہوئے احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ جن میں من پسند لوگوں کو ٹکٹ جاری کئے جائیں گے۔ وہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں وہ منگل کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ دین محمد لغاری نے کہا کہ ہمارا تعلق ضلع غربی سے ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ پارٹی نے من پسند لوگوں کو ٹکٹ سے نوازنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ضلع غربی کی مختلف یوسیز میں عوامی رابطہ مہم شروع کی جس میں مثبت نتیجہ نکلا ہم نے متعلقہ صدر سے بھی ملاقات کی اور نشاندہی کی کہ بعض ایسے واقعات ہوئے ہیں جو پارٹی کیلئے نقصان کا باعث بن رہے ہیں۔ ہماری بات کو صدر نے سن کر نظر انداز کر دیا اور ہمیں کہا گیا کہ پارٹی کے ٹکٹوں کی تقسیم کا اختیار ان کے پاس نہیں ہے لہٰذا وہ جو بہتر سمجھیں وہ کریں۔