کراچی آپریشن مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا، مشاہد اللہ

October 21, 2015 4:04 pm0 commentsViews: 24

شہر کی روشنیاں اور امن بحال ہو رہا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کسی وقت زیادتی بھی ہوجاتی ہے، روک تھام کیلئے اقدامات کر رہے ہیں
عمران خان کا نام اب شکست خان رکھ دینا چاہئے، کراچی کے عوام بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ کو کامیاب کرائیں
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہے۔ قانون نافذ کرنے والوں سے کسی وقت زیادتی بھی ہوجاتی ہے۔ حکومت اس کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے کراچی کی روشنیاں اور امن بحال ہو رہا ہے کراچی آپریشن مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا وہ منگل کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر اسماعیل راہو، سید شاہ محمد شاہ، امداد چانڈیو و دیگر بھی موجود تھے۔ ایک سوال پر مشاہد اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے اب تک کسی بھی امیدوار کو بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے ٹکٹ جاری نہیں کئے گئے، ٹکٹ ڈویژن و ضلعی قیادت جاری کرے گی انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن سندھ کے عوام کا امتحان ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے کراچی میں امن اور روشنیاں بحال کرائیں میں سندھ کے عوام سے اپیل کروں گا کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں۔ مشاہد اللہ نے کہا کہ ن لیگ کی واضح پالیسی ہے کہ جب تک چاروں صوبوں کا اتفاق رائے نہیں ہوجاتا کالا باغ ڈیم کے حوالے سے کوئی اقدام آگے نہیں بڑھائیں گے۔ ایک اور سوال پر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے۔ وہ آج پرویز مشرف کی زبان بول رہے ہیں وہ ماضی میں انتخابات ہارے ہیں اور حال ہی میںNA-122 کا نتیجہ سب کے سامنے ہے لاہور کی شکست کے بعد عمران خان کا نام شکست خان رکھ دینا چاہئے، پارٹی اندرونی اختلافات اور کراچی میں لیگی کارکنان کے احتجاج کے سوال پر مشاہد اللہ نے کہا کہ جن لوگوں نے اپنے مسائل کے حل اور تحفظات کے حوالے سے نعرے لگائے وہ ان لوگوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

Tags: