آج صبح 16 ارب کے صحت منصوبوں پر کام تیز کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ

October 21, 2015 4:04 pm0 commentsViews: 19

صوبے میں113 اسکیموں پرکام میں کافی تاخیر ہو چکی، مکمل ہونے پر عوام کو فائدہ پہنچے گا، قائم علی شاہ
منصوبوں میں تاخیر پر اظہار برہمی،500 ملین خرچ ہونے بعد مزید فنڈ فراہم کیا جائیگا، مراد علی شاہ
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے محکمہ صحت کو ہدایت دی ہیں کہ صوبے کے 17 اضلاع اور 41 تحصیلوں میں 16.13 ارب روپے کی113 صحت کی سہولت سے متعلق اسکیموں کا آغاز کرنے کے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اس بڑے پیمانے پر صحت کی سہولت کے آغاز سے صوبے بھر میں عوام کو فائدہ ہوگا، یہ بات انہوں نے منگل کو وزیر اعلیٰ ہائوس میں صحت کے مختلف منصوبوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان اسکیموں پر کام میں بہت تاخیر ہوچکی ہے جو نا قابل برداشت ہے اور اب میں چاہتاہوں کہ مجھے کام کی تکمیل کا وقت بتایا جائے جس پر سیکریٹری صحت نے وزیر اعلیٰ سندھ کو31دسمبر2015ء تک کام مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ سینئر صوبائی وزیر سید مراد علی شاہ نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ ان کے محکمے نے پہلے ہی 500 ملین روپے جاری کر دئے ہیں جس کے مکمل خرچ کے بعد ہی ان اسکیموں کیلئے دیگر فنڈز بھی جاری کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ جنوری 2016سے ان تمام اپ گریڈیڈ اسپتالوں اور ٹراما سینٹرز کا افتتاح کریں گے۔

Tags: